بیروت: اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف ہلاک
17 نومبر 2024اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے آج بروز اتوار وسطی بیروت میں کیے گئے ایک حملے میں لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف مارے گئے۔ لبنانی سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے حزب اللہ کے ترجمان کی موت کی تصدیق کی۔ بتایا گیا ہے کہ محمد عفیف شامی بعث پارٹی کی لبنانی شاخ کے راس النباء نامی علاقے میں واقع دفتر پر اسرائیلی حملے میں مارے گئے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق بعث پارٹی کی لبنانی شاخ کے سیکرٹری جنرل علی حجازی ''حزب اللہ کے میڈیا اہلکار‘‘ محمد عفیف کی موت کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے اس بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ حملے میں ایک شخص ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوئے۔ وزارت صحت کے مطابق حملے کی جگہ سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ عفیف برسوں سے حزب اللہ کے میڈیا تعلقات کے ذمہ دار تھے اور مقامی اور غیر ملکی صحافیوں کو معلومات فراہم کرتے تھے۔
این این اے نے کہا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملے نے ''زبردست تباہی‘‘ مچائی۔ اس ایجنسی نے فرانسیسی سفارت خانے اور یونیورسٹی کے قریب واقع علاقے راس النباء میں ''ملبے کے نیچے پھنسے‘‘ لوگوں کی ایک غیر متعینہ تعداد کی بھی اطلاع دی۔
این این اے کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی عمارت کی ''پڑوسی عمارت کے رہائشیوں میں سے ایک کو انتباہی کال موصول ہوئی تھی جس میں انخلاء کی اپیل کی گئی تھی لیکن اسے سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔‘‘ ستمبر کے اواخر میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی ایک بڑے اسرائیلی حملے میں ہلاکت کے بعد سے عفیف نے بیروت کے جنوبی مضافات میں متعدد پریس کانفرنسوں سے خطاب کیا تھا۔
گزشتہ ماہ ایسے ہی ایک پروگرام میں عفیف نے اعلان کیا تھا کہ حزب اللہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے والا ڈرون لانچ کیا ہے۔ وہ پریس کانفرنس اس وقت مختصر کر دی گئی جب اسرائیلی فوج نے خبردار کیا کہ وہ قریبی عمارت پر حملہ کرے گی۔
ش ر⁄ ا ا، ع ا (اے ایف پی)