جرمن انتخابات: میرکل کا مقابلہ گابریئل نہیں، شُلس کریں گے
24 جنوری 2017زیگمار گابریئل کے اس فیصلے کی خبر ہفت روزہ جریدے ’اسٹیرن‘ نے دی ہے، جس کی پارٹی ذرائع کی جانب سے تصدیق بھی کی گئی ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ فیصلہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ بائیں بازو کی اعتدال پسند جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی، جو آج کل مخلوط حکومت میں شامل ہے، اس حکومت میں اپنا جونیئر پارٹنر کا کردار ختم کرنا چاہتی ہے۔
اس فیصلے سے عام انتخابات کے قدرے زیادہ سنسنی خیز ہونے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق گابریئل کی بجائے مارٹن شُلس کے ہاں میرکل کو شکست سے دوچار کرنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ قدامت پسند میرکل 2005ء سے جرمنی میں سربراہِ حکومت کے طور پر یورپ کی طاقتور ترین لیڈر چلی آ رہی ہیں اور 2013ء سے ایس پی ڈی کے ساتھ مل کر ایک بڑی مخلوط حکومت کی قیادت کر رہی ہیں۔
گابریئل نے، جو ڈپٹی چانسلر ہونے کے ساتھ ساتھ وزیر اقتصادیات بھی ہیں، جریدے ’اسٹیرن‘ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا: ’’اگر مَیں (چانسلر شپ) کا اُمیدوار بنا تو ناکام ہو جاؤں گا اور میرے ساتھ ساتھ ایس پی ڈی بھی (ناکام ہو جائے گی)۔ سبھی سروے بتاتے ہیں کہ لوگ اب مزید یہ بڑی مخلوط حکومت نہیں چاہتے جبکہ لوگوں کا خیال شاید یہ ہے کہ مَیں ایسی حکومت کے حق میں ہوں۔ ایسے میں مارٹِن شُلس انتہائی مناسب شخص ہیں۔‘‘
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی مستقبل قریب میں باقاعدہ طور پر مارٹِن شُلس کو چانسلر شپ کا اُمیدوار بنانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے والی ہے۔ اگر اُنہیں یہ ذمہ داری سونپ دی گئی تو اُنہیں میرکل کو شکست دینے کا بہت ہی مشکل اور سخت مرحلہ درپیش ہو گا۔ واضح رہے کہ رائے عامہ کے جائزوں میں میرکل کی قدامت پسند جماعت اور اُس کے حلیف ایس پی ڈی پر پندرہ فیصد پوائنٹس کی سبقت لیے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب مشہور جریدے ’بِلڈ‘ کے لیے ایمنیڈ انسٹیٹیوٹ نے رواں مہینے جو سروے کروایا ہے، اُس سے پتہ چلا کہ براہِ راست ووٹنگ کی صورت میں میرکل کو اُنتالیس فیصد جبکہ شُلس کو اڑتیس فیصد ووٹ ملیں گے۔ یہی مقابلہ اگر گابریئل اور میرکل کے درمیان ہوتا ہے تو میرکل چھیالیس فیصد برتری سے جیت جائیں گی اور گابریئل کو محض ستائیس فیصد ووٹ ملیں گے۔
ایس پی ڈی کی خواہش ہے کہ وہ بائیں بازو کی چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائے تاہم زیادہ تر تجزیہ کاروں کے خیال میں ستمبر کے انتخابات کے بعد بھی زیادہ امکان دائیں اور بائیں بازو کی جماعتوں کی ایک مخلوط حکومت کا ہی نظر آ رہا ہے۔
اکسٹھ سالہ شُلس نے گزشتہ سال نومبر میں کہا تھا کہ برسوں یورپی پارلیمان کے اسپیکر رہنے کے بعد اب وہ جرمنی کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔
’اسٹیرن‘ کے مطابق ستاون سالہ گابریئل، جو کسی زمانے میں ایک اسکول ٹیچر ہوا کرتے تھے، سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی وہ سربراہی بھی شُلس کو سونپنا چاہتے ہیں، جو 2009ء سے اُن کے پاس چلی آ رہی ہے۔
دیگر ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گابریئل اب وزیر خارجہ بننا چاہتے ہیں۔ وزارتِ خارجہ کا عہدہ ویسے بھی خالی ہونے کا امکان ہے کیونکہ سننے میں یہ آ رہا ہے کہ موجودہ وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر، جو ایس پی ڈی ہی سے تعلق رکھتے ہیں، آئندہ مہینے جرمنی کے سربراہِ مملکت منتخب ہو جائیں گے۔