برلن اسٹیشن پر دھماکہ خیز مواد ملنے کے بعد ملزم کی تلاش جاری
31 اکتوبر 2024
جرمندارالحکومت برلن میں پولیس کی جانب سے بدھ کی شام برلن کے ایک ریلوے اسٹیشن پر دھماکہ خیز مواد سے بھرا ایک بیگ چھوڑے جانے کے بعد پولیس مشتبہ شخص کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایک پولیس افسر نے مقامی اخبار 'برلنر سائٹنگ‘ کو بتایا، ''ایسا لگتا ہے کہ ایک ممکنہ حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے اگر لوگوں کی موجودگی میں دھماکہ خیز مواد پھٹ جاتا تو اس کے ڈرامائی نتائج نکل سکتے تھے۔‘‘
مشتبہ شخص پولیس اہلکاروں کی جانب سے چیکنگ کے لیے روکے جانے پر بیگ چھوڑ کر بھاگ گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق دھماکہ خیز مواد کو ایک کنٹرولڈ دھماکے ذریعے قریبی کار پارک میں اڑا دیا گیا۔
دھماکہ خیز مواد کی نوعیت ابھی معلوم نہیں
برلن پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد کی جانچ کے نتائج ابھی تک دستیاب نہیں ہیں۔
تاہم کثرالاشاعتی جرمن اخبار بلڈ کا کہنا ہے کہ اس بیگ میں 'ٹرائی ایسیٹون ٹرائی پرآکسائڈ‘ نامی دھماکہ خیز مواد موجود تھا جسے اکثر شدت پسند عوامی مقامات پر حملوں میں استعمال کرتے ہیں۔
جرمن چانسلر اولاف شولس کی سوشل ڈیموکریٹس پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک رکن پارلیمان ڈیرک ویزے نے مقامی اخبار کو بتایا کہ 'پولیس واضح طور پر ایک حملے کو ناکام بنانے میں کامیاب‘ رہی ہے۔
ویزے کا کہنا تھا، ''اس واقعے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے ملک میں دہشت گردی کا خطرہ کتنا زیادہ ہے۔‘‘
ش ح/ک م (ڈی پی اے، اے ایف پی)