جرمنی میں رواں موسم گرما کے دوران بے روزگاری میں اضافہ
31 جولائی 2024جرمنی میں گزشتہ کے مقابلے میں اس سال جولائی میں بے روزگار افراد کی تعداد میں معمول سے زیادہ تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ روزگار سے متعلق وفاقی جرمن ایجنسی کی جانب سے آج بدھ کے روز جاری کیےگئے عداد و شمار کے مطابق گزشتہ مہینے کے مقابلے میں بے روزگار لوگوں کی تعداد میں 82,000 کا اضافہ ہوا اور اب ان کی مجموعی تعداد 2.809 ملین تک پہنچ گئی۔
جولائی میں بے روز گار افراد کی شرح چھ فیصد رہی، جو جون کے مقابلے میں 0.2 فیصد زیادہ ہے۔ ایجنسی کے بورڈ کے رکن ڈینیل ٹیرسن باخ نے کہا،''کمزور اقتصادی ترقی لیبر مارکیٹ پر بوجھ ڈال رہی ہے۔ موسم گرما کی چھٹیوں کے آغاز میں، بے روزگاری اور روزگار کی کمی میں معمول کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔‘‘
پچھلے سال کے جولائی کے مقابلے میں اس مرتبہ بے روزگا افراد کی تعداد میں 192,000 کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح اطلاع دی گئی ہے کہ ملازمت کی خالی آسامیوں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ اس مرتبہ ملازمت کی 703,000 آسامیوں کا اندراج کیا گیا، یہ ایک سال پہلے کے مقابلے میں 69,000 کم آسامیاں تھیں۔
تاہم ایجنسی اپرنٹس شپ مارکیٹ میں اب بھی کچھ حرکت دیکھتی ہے۔ جولائی میں 121,000 درخواست دہندگان کو ابھی تک اپرنٹس شپ کی جگہ یا متبادل تربیت کا موقع نہیں ملا۔ اس کے برعکس کمپنیوں میں اپرنٹس شپ کی 204,000 آسامیاں رپورٹ کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق گرمیوں کے مہینوں میں یہ تعداد اب بھی کم ہو سکتی ہے۔
ش ر⁄ ر ب (ڈی پی اے)